• news

بنگلہ دیش کو شکست: پاکستان انڈر16 ایشیا ہاکی کا چیمپئن بن گیا

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان نے بنگلہ دیش کو شکست دیکر انڈر 16 بوائز ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیت لیا۔ سنگاپور میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ کے فائنل میں پاکستان نے بنگلہ دیش ٹیم کو شکست سے دوچار کیا۔ پاکستان انڈر 16 بوائز ٹیم نے 5 جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم نے 3 گول سکور کئے۔ ٹورنامنٹ کے فائنل میں پاکستان کی جانب سے محمد عتیق نے 2 جبکہ سکندر، مصطفی، شان ارشاد اور عدیل لطیف نے ایک ایک گول کیا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ نے کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کو ٹورنامنٹ کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑی پاکستان ہاکی کا مستقبل ہیں ان کی محنت نے رنگ لانا شروع کر دیا ہے۔ انڈر16 بوائز ایشیا کپ کے لئے کھلاڑیوں کو ہرممکن سہولیات فراہم کی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اس ٹیلنٹ کو ضائع نہیں ہونے دینگے بلکہ ان نوجوان کھلاڑیوں کو مستقبل کے حوالے سے مزید محنت کرائیں گے۔ آصف باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن میں جب سے عہدہ سنبھالا ہے ایک ہی نیت سے کام کر رہے ہیں کہ پاکستان ہاکی کو ایک مرتبہ پھر زندہ کرنا ہے جس کی مثال ایشیا لیول پر سینئر اور جونیئرز میں پاکستان ٹیم کا کوئی ثانی نہیں ہے۔ مستقبل میں ورلڈ کے مقابلوں میں بھی قومی ٹیم توقعات پر پورا اترتے ہوئے عالمی اعزازت اپنے نام کرے گی۔ 

ای پیپر-دی نیشن