• news

عوام کو سبز باغ دکھانے والوں نے مایوسیوں کے سوا کچھ نہیں دیا: وسیم اختر

لاہور (ثناءنیوز) امیر جماعت اسلامی پنجاب سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ مختلف ادوار میں یونین کونسل سے لے کر قومی اسمبلی اور سینیٹ تک 1000 کے لگ بھگ جماعت اسلامی کے نمائندے منتخب ہوئے۔ پاکستان کے عوام ماضی کے تلخ تجربات سے سبق سیکھتے ہوئے آئندہ انتخابات میں جماعت اسلا می کاساتھ دیں۔ اقتدار میںآکر ہم بے گھر افراد کو چھت فراہم کریں گے۔ 10 لاکھ نئے روز گار کے مواقع پیدا کریں گے۔ اقلیتوں کے حقوق کی پاسداری اور خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ان کے لئے الگ اعلیٰ یونیورسٹیاں بنائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ قوم کی کمائی گئی دولت اور معاف کرائے گئے قرضے واپس اور کرپشن سے بنائی گئی جائیدادیں ضبط کر لیں گے۔ کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دیں گے۔ تھانہ اور پولیس کلچر کو تبدیل کریںگے۔ ڈرون حملوں کا خاتمہ اور تمام لاپتہ افراد کو فوری بازیاب کرایا جائے گا۔ دولت کا رخ امیر سے موڑ کر غریب کی طرف کر دیں گے۔ وسیم اختر نے کہاکہ سابقہ حکمرانوں نے ملک کا بیڑہ غرق کرکے رکھ دیا۔ عوام کو سبز باغ دکھا کر اقتدار میں آنے والوں نے مایوسیوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔ قوم کے پاس احتساب کا نادر موقع ہے جسے ضائع کرنے کا مطلب ایک مرتبہ پھر ظالم اور کرپٹ لوگوں کو اقتدار کی راہ دکھانا ہے۔
وسیم اختر

ای پیپر-دی نیشن