شریف برادران پر نادہندہ ہونے کا الزام سازش ہے: نعیم انصاری
قصور (نامہ نگار ) مسلم لیگ ن کے سابق ایم پی اے حاجی محمد نعیم صفدر انصا ری نے کہا ہے کہ نیب کی جانب سے میاں نواز شریف، میاں شہباز شریف پر نادہندہ کا الزام لگانا سازش کا حصہ ہے ۔ ان خیا لا ت کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام نے میاں نواز شریف کو ملک کا وزیراعظم بنانے کا تہیہ کر لیا ہے اب وہ سازشوں کے ذریعے عوام کی سوچ میں تبدیلی پیدا نہیں کر سکتے کیونکہ پیپلز پارٹی نے جس بے دردی سے قومی خزانے کو لوٹا ہے اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے فنڈز سے مکمل ہونے والے منصوبوں کو انٹرنیشنل ٹرانسپرنسی ادارہ نے شفاف قرار دیکر سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی کاوشوں کو خر اج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الزامات لگانے والے اپنے گریبان میں جھانکیں کیونکہ مسلم لیگ ن کی قیادت نے حالیہ الیکشن میں امیدواروں کی نامزدگی کرنے کے لئے امیدوار کے ماضی کے کردار کو بنیاد بنا رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی صفوں میں کرپٹ لوگو ں کو گھسنے نہیں دیا جا رہا تاکہ پارٹی پا لیسی جاری رہے۔