• news

برطانیہ کی ”آئرن لیڈی“ اور پہلی خاتون وزیراعظم مارگریٹ تھیچر انتقال کر گئیں

لندن/ کویت سٹی (نوائے وقت نیوز/ بی بی سی/ نمائندہ خصوصی) سابق برطانوی وزیراعظم مارگریٹ تھیچر فالج کے حملہ کے سبب انتقال کر گئیں۔ ان کی عمر 87برس تھی۔ 1979ءسے 1990ءتک برطانیہ کی وزیراعظم رہیں۔ مارگریٹ تھیچر ”آئرن لیڈی“ کے نام سے مشہور تھیں۔ 2بچوں کو سوگوار چھوڑا ہے۔ وہ برطانیہ کی پہلی خاتون وزیراعظم اور سب سے زیادہ عرصہ تک اس منصب پر رہنے والی خاتون تھیں۔ ان کو سوویت یونین کی قیادت کے خلاف تقریر کرنے پر آئرن لیڈی کا خطاب دیا گیا۔ ان کے دور میں ہانگ کانگ کو چین کے حوالے کرنے کا معاہدہ ہوا تھا۔ وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے اس موقع پر مارگریٹ تھیچر کو ایک ’عظیم برطانوی‘ قرار دیا اور ملکہ برطانیہ نے ان کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا۔ ڈیوڈ کیمرون نے بی بی سی کو بتایا کہ ’مارگیٹ تھیچر نے نہ صرف ہمارے ملک کی رہنمائی کی بلکہ انہوں نے ہمارے ملک کو بچایا‘۔ وزیراعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ مارگریٹ تھیچر کی آخری رسومات ان کی خواہشات کے مطابق سرکاری طور پر تو نہیں کی جائیں گی تاہم مرتبے کے اعتبار سے یہ ”کوئین مدر“ یا شہزادی ڈیانا کے برابر ہو گا۔ مکمل فوجی اعزازات کے ساتھ ان کی آخری رسومات لندن کے سینٹ پالز کتھیڈرل میں ہونگی۔ سرجان میجر نے جو مارگریٹ تھیچر کے بعد ملک کے وزیراعظم بنے کہاکہ ’ان کی اقتصادی اور مزدور تنظیموں کے قوانین میں اصلاحات اور فالک لینڈ جزیروں کو واپس لنیے جیسے اقدامات کی وجہ سے انہیں ایک اعلیٰ پائے کے سیاستدان کا درجہ حاصل ہوا۔ مارگریٹ تھیچر کو بیسویں صدی کی اہم ترین سیاسی شخصیات میں شمار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے 1979ئ، 1983ءاور 1987ءکے عام انتخابات جیتے تھے۔ مارگریٹ تھیچر 1992ءمیں برطانوی پارلیمان کے ایوان زیریںسے ریٹائر ہوئیں۔ مارگریٹ ہیلدا تھیچر 13اکتوبر 1925ءکو گرانتھم، لنکا شائر میں پیدا ہوئیں۔ ان کے والد کا نام الفرڈ رابرٹس تھا جو سبزی فروش تھے اور ان کی والدہ کا نام بیٹریس تھا۔ انہوں نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے نیچرل سائنس میں تعلیم حاصل کی۔ وہ 1959ءکے عام انتخابات میں پہلی مرتبہ پارلیمان کی رکن بنیں۔ اس سے پہلے وہ دو دفعہ انتخابات جیتنے میں ناکام رہیں جبکہ وہ پہلی دفعہ 1979ءمیں برطانیہ کی وزیراعظم بنیں۔ مارگریٹ تھیچر نے سیاسی ورثے میں ان کی اقتصادی پالیسی شاید اہم ترین ہے۔ ان کی پالیسیوں کے تحت برطانیہ میں نجکاری کے عمل میں تیزی آئی۔ امریکی صدر رانڈریگن کی طرح مارگریٹ تھیچر نے بھی اپنے ملک میں ’فری مارکیٹ اکانومی‘ کی ترقی کے لئے کام کیا۔ ادھر امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح ولی عہد شیخ نواف الااحمد الجابر الصباح نے مارگریٹ تھیچر کی وفات پر برطانیہ کے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کو ایک تعزیتی مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں مارگریٹ تھیچر کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
تھیچر انتقال

ای پیپر-دی نیشن