• news

غلام رحمانی‘ جام گوہر مسلم لیگ (ن) میں شامل‘ سندھ کی ترقی کیلئے جدوجہد جاری رہے گی : نوازشریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ سندھ کی ترقی کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے علماءاور مشائخ کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کی لہر کو سندھ کی سیاست میں ایک نیا بریک تھرو قرار دیا ہے۔ وہ جمعیت مشائخ اہل سنت کے بنیادی رکن سید پیر غلام جیلانی شاہ جیلانی کے صاحبزادے اور پیپلزپارٹی کے رہنما پیر غلام رحمانی جیلانی اور جام گوہر خان کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کے موقع پر ٹھٹھہ میں اجتماع سے ٹیلی فونک خطاب کر رہے تھے۔ نوازشریف نے ان رہنماﺅں کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان خاندانوں کی عام آدمی کے لئے قربانیاں اور جدوجہد کو سراہا۔ پیر رحمانی جیلانی نے کہا کہ پیپلزپارٹی محترمہ بے نظیر کی پارٹی نہیں ہے۔ بے نظیر کی موت کے ساتھ ہی پیپلزپارٹی بھی مر چکی ہے۔ ان رہنماﺅں نے نوازشریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹھٹھہ مسلم لیگ (ن) کی امیدوار برائے قومی اسمبلی ماروی میمن نے کہا کہ ٹھٹھہ پر لینڈ مافیا کا قبضہ ہے اس قبضے سے صرف مسلم لیگ (ن) ہی نجات دلا سکتی ہے۔ تقریب میں مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر سید غوث علی شاہ، لیاقت جتوئی، سلیم ضیاءاور حاجی شفیع جاموٹ بھی موجود تھے۔
نوازشریف

ای پیپر-دی نیشن