• news

سیاسی رہنماﺅں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے تمام اقدامات کئے جائیں : نجم سیٹھی

لاہور (خصوصی رپورٹر + ثناءنیوز) وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ الیکشن کمشن کے احکامات کی روشنی میں صوبہ بھر میں پیشہ ورانہ قابلیت کے حامل غیر جانبدار افسروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔انتظامیہ اور پولیس افسر کسی سیاسی دباﺅ کے بغیر اپنے فرائض سرانجام دیں کیونکہ صوبے میں عام انتخابات کا منصفانہ اور پرامن انعقاد یقینی بنانا نگران حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعلیٰ نے عام انتخابات کے حوالے سے مربوط سکیورٹی پلان تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی پلان دہشت گردی اور فرقہ واریت سمیت تمام پہلوﺅں کو مدنظر رکھ کر مرتب کیا جائے۔ امن و امان اور سکیورٹی کے حوالے سے ہرممکن اور ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں متعلقہ حکام فوری احتیاطی اقدامات اٹھائیں۔ حساس پولنگ سٹیشنز پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے اور تمام متعلقہ اداروں کے مابین موثر باہمی رابطے کو یقینی بنایا جائے۔ ایوان وزیراعلیٰ میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس طرح صوبائی سطح پر غیر جانبدار نگران سیٹ اپ کام کر رہا ہے اسی طرح نچلی سطح تک غیرسیاسی اور غیر جانبدار انتظامی مشینری تعینات کی جا رہی ہے تاکہ کوئی عام انتخابات کی شفافیت پر انگلی نہ اٹھا سکے کیونکہ عام انتخابات کا شفاف انداز میں انعقاد نگران حکومت کی قومی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تقرر اور تبادلوں کے حوالے سے چیف سیکرٹری اور انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کو فری ہینڈ دیا ہے اور اس اقدام سے عام انتخابات کے شفاف اور غیر جانبدارانہ انعقاد کے مقاصد حاصل کئے جاسکیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نئے تعینات ہونے والے افسران غیر جانبدارانہ اور پیشہ ورانہ انداز میں سرکاری امور سرانجام دیں۔ سفارش کلچر اور اقربا پروری کی حوصلہ شکنی کی جائے۔ آئین اور قانون کے خلاف ہم خود کوئی کام کریں گے نہ کسی کو اس کی اجازت دیں گے۔ عام انتخابات کے غیرجانبدار انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے الیکشن کمیشن سے مکمل تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات ملک و قوم کیلئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ پنجاب کی نئی انتظامیہ اور پولیس افسران کیلئے عام انتخابات ایک ٹیسٹ کیس ہیں جس پر ہر صورت پورا اترا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشن سے براہ راست رابطے کیلئے ایوان وزیراعلیٰ میں ایک سیل قائم کیا جا رہا ہے اور یہ سیل الیکشن کمیشن کی گائیڈ لائنز کو متعلقہ حکام تک پہنچانے کیلئے کام کرے گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سیاسی رہنماﺅں سمیت انتخابی جلسوں، جلوسوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔ سیاسی رہنماﺅں کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مذہبی منافرت کے خاتمے کیلئے ہنگامی منصوبہ بندی کی جائے اور مذہبی منافرت پھیلانے والے عناصر کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ دریں اثنا ایک اور اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعلی پنجاب نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پولیو کے خاتمے کیلئے صوبے میں مہم موثر طریقے سے جاری رہنی چاہئے۔ والدین انسداد پولیو کے قطرے اپنے بچوں کوپلا کر ان کا مستقبل محفوظ بنائیں۔ پولیو ایک خطرناک مرض ہے اور عوام میں انسداد پولیو مہم کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعلی نے ہدایت کی کہ ایسے شہر جو کہ پولیو کے مرض کے حوالے سے حساس ہیں وہاں پر تواتر کے ساتھ انسداد پولیو مہم جاری رکھی جائے۔ خصوصاً راولپنڈی، فیصل آباد اور لاہور کے مضافاتی علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو پولیو ویکسیئن کے قطرے پلانے والے اہم قومی فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔ حکومت ان کی سکیورٹی کی ذمہ داری پوری کرے گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ انسداد پولیو مہم کے دوران عملے کی سکیورٹی یقینی بنائی جائے۔ علاوہ ازیں نگران وزیراعلی پنجاب نجم سیٹھی سے ایوان وزیراعلی میں ایران کے قونصل جنرل حسین نبی اسدی نے ملاقات کی جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور پاک ایران تعلقات کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ نگران حکومت شفاف، منصفانہ، آزادانہ اور غیر جانبدارانہ عام انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے اور اس ضمن میں ہرممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

نجم سےٹھی

ای پیپر-دی نیشن