ہمارا میڈیا متعصب‘ نئی دہلی کی کشمیر پالیسی بھی خفیہ ادارے چلا رہے ہیں : بھارتی وزیر کا اعتراف
سرینگر (اے پی پی) بھارتی وزیر مملکت برائے دیہی ترقی جے رام رمیش نے تسلیم کیاہے کہ نئی دہلی کی کشمیر پالیسی بھارت کی خفیہ ایجنسیاں چلا رہی ہیں جبکہ بھارتی حکومت کو کشمیریوں کی خواہشات کا کوئی احساس نہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جے رام رمیش نے مقبوضہ کشمیر کے دو روزہ دورے کے اختتام پر سرینگر میں ایک انٹرویو میں کہا کہ کشمیری عوام کی ضروریات کو سیاسی طریقے سے پورا کرنے کی ضرورت ہے اور اس حوالے سے خفیہ اداروں اور فورسز کا کوئی عمل دخل نہیں ہونا چاہئے۔ بھارتی حکومت کشمیریوں کے حوالے سے زیادہ حساسیت نہیں دکھا رہی جنہیں مختلف بھارتی شہروں میں مشکوک جانا جاتا ہے اور انکی تذلیل کی جاتی ہے۔ 58 سالہ رمیش جو ایک کالم نگار بھی ہیں نے کہا کہ بھارتی میڈیا معتصب اور ضرورت سے زیادہ قوم پرست ہے جسے کشمیریوں کے جذبات کا کوئی احساس نہیں۔ انہوں نے الیکڑانک میڈیا کو خصوصی تنقید کا نشانہ بنایا۔ دریںا ثنا پریس کونسل آف انڈیا کے چیئرمین مرکنڈے کٹیجو نے بھی حیدر آباد میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مسلم کمیونٹی کے حوالے سے غیر ذمہ دارانہ صحافت پر بھارتی میڈیا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی کہیں کوئی بم دھماکہ ہوتا ہے تو ٹیلیوژن چینلوں پر فوری اس کا نزلہ مسلمانو ں پر گرا دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرنٹ میڈیا بھی یہ طرز عمل اپنائے ہوئے ہے اور اس طرح سے تمام مسلمانوں کو مجرم گردانا جاتا ہے جس سے فرقہ واریت کو فروغ مل رہا ہے۔