ڈی جی خان میں 120 کسان تنظیمیں تشکیل، نہری انتظام سپرد کر دیا گیا
لاہور(نیوزرپورٹر)پنجاب اریگیشن اینڈ ڈرینج اتھارٹی (پیڈا) نے ڈیرہ جات کینال ایریا واٹر بورڈ ، ڈی جی خان میں 120 کسان تنظیمیں تشکیل دے کر انہیں نہری انتظامیہ سپرد کر دی ہے ۔ان کسان تنظیموں کو انتظامی امور چلانے کے لئے دفاتر الاٹ کر دیئے گئے ہیں۔ یہ بات پنجاب اریگیشن اینڈ ڈرینج اتھارٹی کے جنرل مینجر میاں مقبول احمد کوپیڈ ا ہیڈ آفس میں آپریشنل سرگرمیوں کی بابت جاری محکمانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتائی گئی۔ اجلاس میں ڈپٹی جنرل مینجر (ٹی ایم) افضل انجم طور ، ڈپٹی جنرل مینجر (آپریشن) میاں عبدالرشید ، ڈپٹی جنرل مینجر (سوشل موبلائزیشن) شائق حسین عابدی اور دیگر فیلڈ افسران بھی موجود تھے۔ جنرل مینجر پیڈا کو اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈیرہ جات ایریا واٹر بورڈ کی 120 کسان تنظیموں کو بذریعہ الیکشن تشکیل دینے کے بعد نہری انتظام و انصرام میں شامل کر لیا گیا ہے۔ ان کسان تنظیموںکے اریگیشن مینجمنٹ یونٹ قائم کر کے کینال ریسٹ ہا¶سز الاٹ کر دیئے گئے ہیں جو بطور دفاتر استعمال ہونگے۔