الیکشن کمشن نے گفتگو کا نوٹس لے لیا‘ ریکارڈنگ طلب‘ زرداری غیر جانبدار نوازشریف سچے لیڈر ہیں‘ بیان پر قائم ہوں: نگران وزیر داخلہ
اسلام آباد (خبر نگار + خبر نگار خصوصی + نوائے وقت نیوز) الیکشن کمشن نے دو روز قبل دئیے جانے والے نگران وزیر داخلہ کے بیان کا نوٹس لیتے ہوئے اس کی ریکارڈنگ طلب کر لی۔ کمشن کا م¶قف ہے کہ معاملے پر سنجیدگی سے غور کے بعد ہی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمشن کا کہنا ہے کہ اس طرح کے بیانات سے غیر جانبداری متاثر اور شفاف انتخابی عمل متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔ این این آئی کے مطابق سیاسی جماعت کے حق میں بیان دینے پر ملک حبیب کے خلاف کارروائی کا امکان ہے۔ دریں اثناءایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر داخلہ ملک حبیب نے کہا کہ نوازشریف ملک کے ایک سچے قومی اور مقبول لیڈر ہیں ان کے حوالے سے اپنے بیان پر قائم ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے نواز شریف‘ عمران خان سمیت تمام مرکزی لیڈروں کو سکیورٹی فراہم کرنے کی بات کی‘ ملک کے لئے ہر قربانی دینے کے لئے تیار ہوں‘ قومی رہنماﺅں کی سکیورٹی پر سمجھوتہ نہیں کروں گا‘ صدر آصف زرداری غیر جانبدارانہ کردار ادا کر رہے ہیں‘ عوام جس کو منتخب کریں گے اس کو اقتدار منتقل کر دیں گے۔ منگل کو نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے سیاسی قائدین کی سکیورٹی گریڈنگ کے لئے آئی جیز کی میٹنگ طلب کی تھی‘ اس سے پہلے 2008ءمیں بے نظیر بھٹو کو شہید کر دیا گیا جس سے قومی نقصان ہوا۔ میاں نواز شریف قوم کے مقبول لیڈر ہیں اور میں نے ان کی سکیورٹی کے تناظر میں یہ بات کہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ میں نواز شریف کے دور میں انسپکٹر جنرل آف پولیس تھا‘ ان سے ملاقات کے دوران میں نے محسوس کیا کہ وہ ملک کے لئے اپنے دل میں درد رکھتے ہیں‘ میں نے صرف نوازشریف کی نہیں بلکہ عمران خان کو بھی سکیورٹی فراہم کرنے کی بات کی۔ میرے بیان کوغلط انداز میں پیش کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف زرداری غیر جانبدارانہ کردار ادا کر رہے ہیں اور وہ ملک کی قابل احترام شخصیت ہیں۔ صدر آصف زرداری نے عدالتی احکامات کی روشنی میں ایک عہدہ چھوڑ دیا اور وہ غیر جانبدار طریقے سے اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔ صدر آصف زرداری اور میاں نواز شریف کی سکیورٹی کا موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس بیان پر مجھے ہٹا دیا جاتا ہے تو میں ملک کے لئے ہر قربانی دینے کے لئے تیار ہوں۔ میں فوجی ہوں اور قوم کے لئے ہر قربانی دے سکتا ہوں‘ میری لگن عوام کے ساتھ ہے‘ عوام جس کو ووٹ دیں گے اس کو سلام کروں گا۔ قبل ازیں میڈیا بریفنگ کے دوران نگران وزیر داخلہ ملک حبیب نے کہا کہ میرا سب سے پہلا مقصد صاف اور شفاف انتخابات کا کرانا ہے، میرا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں، میں تمام سیاسی رہنما¶ں کا احترام کرتا ہوں اور میرے لئے تمام سیاسی رہنما برابر ہیں، میں غیر جانبدار ہوں اور رہوں گا وی آئی پیز کو فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا، امن و ا مان کی صوبوں کی ذمہ داری ہے، وفاق صرف معاونت کر سکتا ہے، میں کسی کے دبا¶ میں نہیں آ¶ں گا اگر کسی کو میری غیر جانبداری کے بارے میں شکوک و شبہات ہیں تو ثبوت منظر عام پر لائے۔ انہوں نے کہا کہ آج میٹنگ ہوئی اور ہم نے وی آئی پیز کی سکیورٹی کو بڑھانے کی تجویز بھی دی ہے اور اسلام آباد میں 49 علاقے بہت زیادہ حساس ہیں وہاں بھی سکیورٹی بڑھائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی رہنماﺅں کی عزت کرتا ہوں، سب کو برابری کی بنیاد پر سکیورٹی فراہم کرنا میری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا انتخابات کے دوران فوج کی تعیناتی کے بارے میں کوئی بھی فیصلہ الیکشن کمشن کرے گا۔