• news

ٹیم میں کوئی گروپ بندی نہیں‘ چیمپئنز ٹرافی میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کریں گے: مصباح الحق‘ محمد حفیظ

لاہور (سپورٹس رپورٹر ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور محمد حفیظ نے کہا ہے کہ ٹیم میں کسی قسم کی کوئی گروپ بندی نہیں ہے اور نہ ہی ہمارے درمیان اختلاف ہے، دورہ جنوبی افریقہ میں مد مقابل ٹیم اچھا کھیل کر جیتی ہے۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں پریذیڈنٹ کپ کے تیسرے مرحلہ کے میچ کے بعد دونوں کپتانوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے دورہ جنوبی افریقہ کے دوران منظرعام پر آنے والی تمام منفی باتوں کی تردید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم میں شکست کو برداشت کر نے کا حوصلہ ہونا چاہئے۔ قومی ٹیسٹ اور ون ڈے کپتان مصباح الحق نے کہا کہ جنوبی افریقن ٹیم نے ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز میں ہم سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ہمیں شکست سے دوچار کیا۔ شکست کے بعد اختلافات کی خبروں پر توجہ دینے کی بجائے ہمیں شکست کو برداشت کرنے کا حوصلہ پیدا کرنا چاہئے۔ چیمپئنز ٹرافی ایک بڑا ایونٹ ہے اور اس میں شریک تمام ٹیموں سے سخت مقابلہ ہوگا، اس لئے ٹیم کا انتخاب کھلاڑی کی پرفارمنس کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کا کوچ کوئی بھی ہو، اس کی کوشش ہوتی ہے کہ اس کی ٹیم کامیابی حاصل کرے اگر کوئی ڈیو واٹمور پر تنقید کرتا ہے تو یہ اس کی رائے ہو سکتی ہے۔ ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ ان کے مصباح الحق سے بہت اچھے تعلقات ہیں، ٹیم میں اختلافات کی باتیں سازش کے سوا کچھ نہیں جس کا مقصد ٹیم کا مورال کم کرنا ہے۔ تمام کھلاڑی چیمپئنز ٹرافی میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ ٹونٹی 20 ٹیم کی قیادت ملنے کے بعد ہر معاملے میں اپنا نام آنے پر حیرانگی ظاہر کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ میری ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ میں قواعدوضوابط کی پابندی کرتے ہوئے کرکٹ کھیلوں اور میری لئے یہ حیران کن امر ہے کہ مجھے متنازعہ بنایا جا رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن