افغانستان : نیٹو ہیلی کاپٹر تباہ‘ چوکی پر حملہ‘ 2 امریکی فوجی‘ دو پولیس افسر ہلاک
لندن/کابل(اے پی اے+اے ایف پی ) افغانستان میں نیٹو کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے سے 2 امریکی فوجی ہلاک ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نیٹو کا ہیلی کاپٹر صوبہ ننگر ہار کے ضلع پیشگرام میں گر کر تباہ ہوا ہے۔ بارڈر پولیس کے کمانڈر نے بھی رپورٹ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہیلی کاپٹر ضلع پیشگرام کے علاقہ گیرا فیل میں گر کر تباہ ہوا ہے۔ طالبان نے گرانے کی ذمہ داری قبول کر لی۔ ایک اور واقعہ میںپولیس چوکی پر طالبان کے حملے میں دو پولیس اہلکار مارے گئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا ہے کہ طالبان کے ایک مسلح گروپ نے پیر اور منگل کی درمیانی شب مشرقی صوبہ نورستان میں قائم ایک سکیورٹی چیک پوسٹ پر اچانک حملہ کردیا۔ ایک سکیورٹی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ حملے کے بعد پولیس اور طالبان کے درمیان جھڑپ شروع ہوئی جو رات گئے تک جاری رہی اس دوران دو پولیس افسران ہلاک ہوئے ہیں۔فرانس کی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان کے مطابق یہ دوسرا فرانسیسی مغوی تھا جو اغوا کاروں کے چنگل سے بچ نکلنے میں کامیاب ہو گیا۔ انھوں نے اس کی مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔افغان وزارت داخلہ کے حکام نے بتایا کہ 29 سالہ فری لانس فوٹو گرافر پیئر بروخی کو زیر زمین ایک گڑھے میں نہایت سفاکانہ انداز میں زنجیروں سے باندھ کر رکھا گیا تھا۔