اپیلیں دائر کرنیکا مرحلہ مکمل‘ امین فہیم‘ ایاز امیر‘ فیصل صالح‘ عائد امام کو الیکشن لڑنے کی اجازت
لاہور+ اسلام آباد + ملتان (وقائع نگار خصوصی+ سپیشل رپورٹر+ نوائے وقت نیوز+ ایجنسیاں) الےکشن ٹربےونلز میں ریٹرننگ افسران کی جانب سے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کیخلاف اپیلیں دائر کرنے کے آخری روز متعدد اپیلوں کی سماعت کی گئی اور گذشتہ روز اپیلیں کرنے کی مہلت ختم ہو گئی۔ لاہور ہائیکورٹ کے 2الیکشن ٹربیونلز میں 125سے زائد اپیلیں دائر کی گئیں۔ الیکشن ٹربیونلز نے مسلم لےگ (ن) کے اےن اے 60 سے امےدوار اےاز امےر کے علاوہ این اے 87 سے فیصل صالح حیات اور عابد امام اور دیگر کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی ہے۔ سابق صدر پرویز مشرف نے حلقہ این اے 139قصور سے اپنے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل دائر کر دی۔ تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان کے حلقہ این اے 122اور پی پی 147سے کاغذات نامزدگی منظور کئے جانے کے خلاف اپیل مسترد کر دی گئی۔ تفصےلات کے مطابق ایاز امیر کی جانب سے داخل کئے گئے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے، الیکشن ٹریبونل نے ایاز امیر پر لگائے جانیوالے اعتراضات مسترد کر دیئے۔ لاہور ہائی کورٹ ملتان بنچ نے ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم کرتے ہوئے این اے 87 سے فیصل صالح حیات اور عابد امام کو بھی الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔ لاہور ہائیکورٹ میں سابق صدر پرویز مشرف نے موقف اختیار کیا ہے کہ میں آرٹیکل 62 اور63 پر پورا اترتا ہوں۔کاغذات منظور کئے جائیں۔ ادھر بلوچستان ہائی کورٹ میں الیکشن ٹربیونل کے جسٹس نعیم افغان اور جسٹس محمد ہاشم پر مشتمل دو رکنی بینچ آج مسترد ہونے والے 40 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کیس کی سماعت کرے گا۔ ادھر لاہور ہائی کورٹ نے پنڈی بھٹیاں پی پی 106 سے آزاد امیدوار رائے جہانگیر علی کھرل کو الیکشن میں حصہ لینے کا اہل قرار دے دیا۔ دریں اثناءمسلم لیگ (ن) کے صدر نوازشریف کے حلقہ این اے 120پر کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف الیکشن ٹربیونل میں ایک اور اپیل دائر کر دی گئی۔ درخواست گزار سہیل ملک نے کہا ہے کہ نوازشریف آرٹیکل 62اور 63 پر پورا نہیں اترتے۔ حلقہ این اے118 سے آصف ہاشمی کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے جبکہ حلقہ این اے 119 سے عائشہ احد ملک کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف اپیلوں پر نوٹس جاری کردئیے گئے۔ ٹریبونل نے پیپلز پارٹی کے رہنما امتیاز صفدر وڑائچ کے حلقہ این اے98 سے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کے خلاف اپیل پر ان کے وکیل اعتزاز احسن کو مزید دلائل کے لئے طلب کر لیا۔ ٹریبونل نے حلقہ این اے95 سے محمد اشرف اور این اے 108 سے غلام علی ساہی کی اپیلیں مسترد کر دیں جبکہ پی پی 106سے جہانگیر علی کی اپیل منظور کرتے ہوئے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔ علاوہ ازیں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان، ہمایوں اختر، کشمالہ طارق اور فرید پراچہ کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کیلئے اپیلیں دائر کر دی گئیں ہیں۔ علاوہ ازیں فیصل صالح حیات نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین کو الیکشن کے میدان میں اب ان کی اصلیت کا اندازہ ہو جائے گا۔ آزاد حیثیت سے الیکشن لڑوں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الیکشن ٹریبونل کی طرف سے اپنے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا۔ اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ نگران سیٹ اپ کو مکمل طور پر غیر جانبدار ہونا چاہئے۔ تاہم وزیر داخلہ کے بعض بیانات نے سیاسی حلقوں میں تشویش پیدا کر دی ہے۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عمر عطا بندیال نے حلقہ این اے 137سے آزاد امیدوار بریگیڈئر (ر) اعجاز احمد شاہ کے کاغذات نامزدگی کے خلاف لگائے گئے اعتراضات کا کیس فل بنچ میں بھیج دیا، مذکورہ کیس کی سماعت آج مورخہ 11اپریل کو ہو گی۔ علاوہ ازیں امین فہیم کو الیکشن لڑنے کیلئے اہل قرار دے دیا گیا ہے۔ دریں اثناءچودھری نثار علی خان کی جانب سے اپنے کاغذات نامزدگی کی بحالی اور اپنے روائتی سیاسی حریف غلام سرور خان کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کے خلاف دائر الگ الگ اپیلوں کی سماعت آج بروز جمعرات گیارہ اپریل دن دس بجے الیکشن ٹریبونل ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں ہو گی۔
الیکشن لڑنے کی اجازت