• news

تحریک انصاف میں اختلافات :لاہور ‘ شیخوپورہ ‘قصور کے امیدواروں میں معمولی ردوبدل

لاہور ( معین اظہر سے ) تحریک انصاف کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں متعدد رہنماﺅں کے آپسی اختلاف کے بعد لاہور شہر میں قومی اسمبلی میں معمولی رد وبدل کے بعد ٹکٹوں کی حتمی منظوری دے دی ہے جبکہ شیخوپورہ اور قصور کے علاوہ لاہور شہر کی صوبائی اسمبلی کے امیدواروں میں بھی معمولی ردوبدل کیا گیا ہے۔ لاہور شہر میں قومی اسمبلی کی ٹکٹوں پر تقریبا 12 اعتراضات تھے جس پر متعدد کو رد کر دیا گیا تاہم حامد معراج سے این اے 123 کا ٹکٹ واپس لے کر آصف چوہدری کو دےدیا گیا ہے۔ عمران خان کی طرف سے ظہیر عباس کھوکھر کو این اے 128 سے الیکشن لڑانے کی خواہش کے باوجود کھوکھر فیملی نے اپنی سیٹ پر کرامت کھوکھر کو ٹکٹ کےلئے پارٹی کو منا لیا ہے۔ علیم خان کی طرف سے اٹھائے گئے متعدد اعتراضات کو کچھ حد تک صوبائی اسمبلی کی سطح پر مان لیا گیا ہے جبکہ کچھ کو نہیں مانا گیا اس بارے میں اب نئی ٹکٹوں کی جو فہرست جس کا اعلان ایک دو روز میں کر دیا جائے گا۔ اس کے مطابق لاہور سے این اے 118 میں تحریک انصاف کے امیدوار حامد زمان ہونگے جبکہ این اے 119 میں محمد مدنی ، این اے 120 سے یاسمین راشد، این اے 121 سے حماد اظہر‘ این اے 122 سے عمران خان ‘این اے 123 سے آصف چوہدری ، این اے 124 سے ولید اقبال ، این اے 125 سے حامد خان، جبکہ این اے 126 سے محمود الرشید ، این اے 127 سے علیم خان، این اے 128 سے کرامت کھوکھر الیکشن لڑیں گے این اے 129 میں الیکشن کا معاملہ ابھی موخر کر دیا گیا ہے کیونکہ یہاں سے پہلے پارٹی نے منشاءسندھو کو ٹکٹ دیا تھا لیکن اس بارے میں بعض اعتراضات پر ابھی فیصلہ نہیں ہو سکا تاہم اس کے لئے لاہور کے سیکرٹری عبدالرشید بھٹی کو منانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ اسی طرح این اے 130 پر طاہر سندھو کا نام فائنل ہو گیا ہے ۔ پارٹی ذرائع نے کہا ہے گزشتہ روز اجلاس میں دو عہدے داروں کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی تاہم رات گئے مشاورت مکمل کر لی گئی ۔ ذرائع کے مطابق پارٹی کی اہم شخصیت پر کسی دوسری پارٹی کے لیڈر سے ملنے کا الزام بھی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی میں لگایا گیا ۔ پارٹی کے تمام امیدواروں کو کل سے انتخابی مہم شروع کرنے کا پروگرام دیا جائےگا۔ عمران خان لاہور میں تمام حلقوں میں ایک ایک جلسہ سے خطاب کر یں گے ۔
اختلافات

ای پیپر-دی نیشن