• news

انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن ڈیوس کپ دوبارہ کسی دوسرے مقام پر کرائے: اعصام الحق ‘ عقیل خان کوچ خالد

لاہور (سپورٹس رپورٹر) ڈیوس کپ ایشیا اوشیانا گروپ ٹو میں پاکستانی ٹیم کو میچ ریفری نے جان بوجھ کر شکست سے دوچار کرایا ہے۔ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن معاملے کا جائزہ لیکر ٹائی کو دوبارہ کسی دوسرے مقام پر کرائے۔ ان خیالات کا اظہار ڈیوس کپ میں شرکت کرنے والی پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں اعصام الحق، عقیل خان اور کوچ خالد نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان ٹینس سٹار اعصام الحق کا کہنا تھا کہ ڈیوس کپ میں پاکستانی ٹیم کے خلاف سری لنکن ریفری کا فیصلہ جانبدارانہ تھا۔ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن سے انصاف کی اپیل کرتا ہوں کہ وہ ہمیں انصاف دے۔ اعصام الحق کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ڈیوس کپ ٹائی وہیں سے شروع کرائی جائے جہاں سے ختم کی گئی ہے۔ سات سال بعد کامیابی کا موقع ملا تھا اور پاکستان گروپ ون کے لئے کوالیفائی کر سکتا تھا لیکن ریفری کے غلط فیصلے نے پاکستان کو اس سے محروم کر دیا۔ ڈیوس کپ میں سری لنکن ریفری کا فیصلہ پاکستان ٹینس پرحملہ ہے۔ اس موقع پر عقیل خان کا کہنا تھا کہ ریفری کے فیصلے پر بہت زیادہ دکھ ہوا جو قوانین سے ہٹ کر کیا گیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ جس وجہ سے نیوزی لینڈ کے حق میں فیصلہ دیا گیا وہ پچ کیوی کھلاڑیوں نے ہی خراب کی تھی اس میں پاکستان کا کوئی قصور نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مد مقابل نیوزی لینڈ ٹیم کے کھلاڑیوں نے شکایت نہیں کی تھی۔ پاکستانی ٹیم کے کوچ خالد کا کہنا تھا کہ ڈیوس کپ ٹائی میں سری لنکن میچ ریفری کم نیوزی لینڈ کا نمائندہ زیادہ لگتا تھا۔ پاکستانی ٹینس سٹار اعصام الحق آج لاہور سے لندن روانہ ہو جائیں گے جہاں وہ پاکستان ٹینس فیڈریشن کی جانب سے ڈیوس کپ ٹائی کے لئے کی گئی اپیل پر اپنی درخواست دائر کرینگے۔

ای پیپر-دی نیشن