کھلاڑیوں کے متبادل نہیں‘ چیمپئنز ٹرافی کے لئے سلیکشن چیلنج ہے: اقبال قاسم
لاہور (سپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اقبال قاسم نے کہا ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ کو ابھار رہے ہیں، قومی ٹیم تعمیرنو کے عمل سے گزر رہی ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ پاکستان کرکٹ کو مسائل کا سامنا ہے۔ تبدیلی کیلئے کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ ابھار رہے ہیں۔ حقیقت میں ہمارے پاس کھلاڑیوں کے متبادل نہیں اور ریزرو کھلاڑی بھی تیار نہیں کئے گئے ہیں۔ ہم پلیئنگ الیون کو مواقع فراہم کر رہے ہیں لیکن وہ اپنی جگہ پکی کرنے کیلئے کچھ نہیں کر رہے۔ ہمیں ایسے کھلاڑیوں کی ضرورت ہے جو اچھے کھلاڑیوں کی جگہ لے سکیں۔ ایسی صورتحال تمام ٹیموں کیلئے مشکل ہوتی ہے۔ ہمیں نوجوان کھلاڑیوں کی ضرورت ہے مگر ڈومیسٹک سطح پر نتائج نہیں مل رہے ہیں۔ ہمارا کام اچھے کھلاڑی منتخب کرنا اور ان کا کام اچھی پرفارمنس کے ذریعے جگی پکی کرنا ہے۔ محمد عرفان کو فٹنس کی ضرورت ہے۔ ہماری ٹیم ورلڈ کلاس فاسٹ با¶لرز کی وجہ سے مشہور ہے۔پاکستان محمد آصف اور محمد عامر کے بعد مشکل سے دوچار ہے۔ 10 با¶لرز تلاش کئے جن میں سے جنید خان اور محمد عرفان بہترین ثابت ہوئے ہیں۔بلے بازی میں بھی محمد یوسف کی جگہ کئی کھلاڑیوں کو موقع ملا۔ عمراکمل، اسد شفیق نے بہتر پرفارم کیا مگر وہ مستقل جگہ نہیں بنا سکے ہیں۔ کامران اکمل نے گذشتہ 5 سال سے وکٹ کیپنگ سنبھالی ہے۔ ۔ حال ہی میں پشاور سے محمد رضوان کو منتخب کیا ہے مگر وہ ابھی موقع کی تلاش میں ہے۔ سسٹم میں اچھے کھلاڑیوں کو لائیں گے۔ حارث سہیل، جنید خان، احسان عادل مستقبل ہیں۔ انڈر 19 اور اے لیول سطح پر کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل تجربہ کی ضرورت ہے۔ ہمیں توقع ہے کہ ہماری ٹیم نمبرون پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔ چیمپئنز ٹرافی پہلے 30 میں سے 15 کھلاڑیوں کا انتخاب بھی چیلنج ہے۔ یہی سکواڈ مئی میں سکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلے گا۔ سلیکٹرز کیلئے فارم اور فٹنس سب سے اہم ہے۔