چین کے سابق وزیر ریلوے کوکرپشن کے الزامات کا سامنا
بیجنگ(این این آئی)چین کے سابق وزیر برائے ریلوے کو ملک کے تیز ترین ریل نیٹ ورک میں اختیارات کے ناجائز استعمال اور بدعنوانی کے الزامات کا سامنا ہے۔چین کے سرکاری خبر رساں ادارے نے بدھ کو وزیر لیو ژین جن پر الزامات عائد کرنے کی خبر دی ہے لیکن ان کے خلاف مقدمہ چلانے یا الزامات کی مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔ لیو کو 2011 میں نظم و ضبط کی سنگین خلاف ورزی کے غیر واضح الزامات کی بنا پر عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔ سرکاری میڈیا اس سے قبل سابق وزیر پر بھاری رشوت لینے اور غیر قانونی طور پر ٹھیکے دینے کے الزامات عائد کر چکا ہے۔ ساٹھ سالہ لیو کی سربراہی میں ملک میں تیز رفتار بلٹ ٹرین کے نیٹ ورک منصوبے کی توسیع کی گئی۔ لیکن 2011 میں دو تیز رفتار ریل گاڑیوں کے ٹکرانے سے40 افراد کی ہلاکت کے بعد اس منصوبے پر شدید تنقید کی گئی۔ چین کے نو منتخب صدر شی جن پنگ جنہوں نے حال ہی میں کمیونسٹ پارٹی کی سربراہی بھی سنبھالی تھی، نے کہا کہ بدعنوانی کا انسداد ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہو گی۔