ایران: زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 54 ہو گئی، 900 زخمی
تہران (آئی این پی) ایران میں آنے والے زلزلے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 54 ہو گئی جبکہ 9 سو سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ امدادی کارروائیاں جاری، متاثرین کے لئے خیمے لگا دئیے گئے، زخمیوں کے علاج معالجے کے لئے موبائل ہسپتال کا انتظام کر دیا گیا۔ امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 6 اعشاریہ 3 تھی اور اس کا نشانہ بوشہر کا علاقہ بنا۔ ارضیاتی سروے کے مطابق زلزلہ گزشتہ شام مقامی وقت کے مطابق چار بج کر بائیس منٹ پر دس کلومیٹر کی گہرائی میں آیا اور اس کا مرکز ساحلی شہر بوشہر کے جنوب میں کاکی نامی قصبہ تھا۔ بوشہر میں ایران کا واحد جوہری بجلی گھر واقع ہے تاہم ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ بجلی گھر زلزلے سے متاثر نہیں ہوا اور معمول کے مطابق کام کر رہا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق متاثرہ علاقے میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں بے گھر ہونے والے افراد کو خیمے لگا دئیے گئے۔ متاثرین کے لئے موبائل ہسپتال قائم کر دئے گئے۔ بوشہر کے گورنر کے مطابق زلزلے سے 200 خاندان اور 700 مکانات متاثر ہوئے ہیں۔