لشکر طیبہ ممبئی حملوں جیسا کوئی اور حملہ کر سکتا ہے : امریکی فوج
واشنگٹن (آن لائن) امریکہ نے لشکر طیبہ کو جنوبی ایشیاءکا سب سے مضبوط اور خطرناک دہشت گرد گروپ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ گروپ ممبئی حملوں جیسی مزید کارروائیاں کرسکتا ہے جس سے پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری رہنے والا امن عمل تباہ ہوسکتا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی فوج کے کمانڈر برائے پیسیفک کمانڈر ایڈمرل سیموئیل لوکلیئر نے کانگریس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ لشکر طیبہ نے گذشتہ کچھ سالوں کے دوران ممبئی حملوں سمیت کئی حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے جس سے یہ ثابت ہوچکا ہے کہ یہ گروپ خطے کا مضبوط اور خطرناک گروپ ہے جو آئندہ مستقبل میں بھی ممبئی حملوں جیسی کارروائیاں کرسکتا ہے جس سے پاک بھارت امن عمل اور تعلقات کی راہ میں بڑی رکاوٹ کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کی جانب سے گذشتہ کچھ عرصے سے اٹھائے جانے والے اعتماد سازی کے اقدامات کے باعث دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آ رہی ہے تاہم کسی بڑی کارروائی کے باعث تیزی کے ساتھ کشیدگی کے امکانات موجود ہیں۔