• news
  • image

شکایات کے انبار : الیکشن کمشن کا سندھ میں چیف سیکرٹری سمیت 65 اعلی افسر فوری ہٹانے کا حکم

اسلام آباد+کراچی (خبرنگار+وقائع نگار) الیکشن کمشن نے چیف سیکرٹری سندھ، ایڈیشنل سیکرٹری سندھ (ایس اینڈ جی ایڈمن)، ہوم سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری ٹو چیف منسٹر سندھ، سیکرٹری ایجوکیشن، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سمیت سندھ پولیس اور انتظامیہ کے متعدد افسروں سمیت 65 افسروں کو فی الفور انکے عہدوں سے ہٹانے کے احکامات جاری کردیئے ہیں، الیکشن کمشن کی طرف سے جاری ہونے والے ڈائریکٹو میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمشن نے 2 اپریل کو وفاقی حکومت سمیت تمام صوبائی حکومتوں کو ہدایت جاری کی تھی کہ ایسے تمام سیکرٹریوں سمیت دیگر خودمختار اور نیم خودمختار اداروں کے سربراہوں، ڈی سی اوز، ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور پٹواریوں کو فی الفور تبدیل کر دیا جائے جن کی وابستگی کسی بھی سیاسی پارٹی یا امیدوار سے ہو اور جس سے شفاف الیکشن کے انعقاد میں رکاوٹ پیدا ہو مگر الیکشن کمشن کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ سندھ حکومت نے ان ہدایات کے باوجود ایک بھی تبادلہ نہیں کیا جبکہ الیکشن کمشن کو متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں سندھ انتظامیہ کے متعدد افسروں پر الزامات لگائے گئے ہیں کہ وہ سابقہ حکومت کی سیاسی پارٹیوں کی حمایت کر رہے ہیں۔ خصوصاً چیف سیکرٹری سندھ، ایڈیشنل سیکرٹری ایس اینڈ جی ایڈمن، ہوم سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری ٹو سی ایم، سیکرٹری ایجوکیشن، سیکرٹری ایس اینڈ جی ایڈمنسٹریشن، سٹی کمشنر، پی ایس او ٹو قائم علی شاہ، ڈی جی جام شورو، ڈی آئی جی لاڑکانہ، ڈی سی عبدالرشید زرداری، ڈی سی نوشیرو فیروز، اے ڈی سی نوشیرو فیروز، اے ڈی سی II نوشیرو فیروز، اے سی کنڈیارو، اے سی ریونیو مورو، اے سی ریونیو نوشیرو فیروز، ڈی ایچ او ہیلتھ ڈاکٹر علی گوہر، ڈی ایس پی مورو، ڈائریکٹر فوڈز سکھر، ڈی ایس پی نوشیرو فیروز، ای ڈی او ایجوکیشن اللہ بچائیو، ای ڈی او ایجوکیشن بہریال، ای ڈی او ایجوکیشن کندارد، ای ڈی او ایجوکیشن حجراب پور، ای ڈی او ایجوکیشن مورو، ای ڈی او ایجوکیشن نوشیرو فیروز، ای ڈی او ایجوکیشن راضی خان جمالی اور ایم ایس تاہو کا ہسپتال کندیارو کے بارے میں کہا گیا ہے کہ وہ سابقہ سیاسی پارٹیوں کے امیدواروں کی حمایت کر رہے ہیں۔ الیکشن کمشن نے کہا ہے کہ یہ کمشن کی ذمہ داری ہے کہ ملک میں صاف شفاف الیکشن کے لئے تمام سیاسی پارٹیوں اور امیدواروں کو برابر مواقع فراہم کئے جائیں۔ اس لئے نگران حکومت کو چاہئے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ وہ نہ صرف غیر جانبدار رہے بلکہ اس کی غیر جانبداری نظر بھی آئے۔ الیکشن کمشن نے ہدایت کی ہے کہ جن افسروں کی فہرست کمشن نے صوبائی حکومت کو دی ہے ان کی جگہ ایسے افسروں کو تعینات کیا جائے جو تمام سیاسی پارٹیوں کو قابل قبول ہوں اس کی رپورٹ سات دنوں میں سیکرٹری الیکشن کمشن کو دی جائے۔ الیکشن کمشن کے مطابق بیوروکریسی تبدیل کرنے کے یہ احکامات شکایات ملنے پر جاری کئے گئے ہیں۔ الیکشن کمشن کا کہنا ہے کہ شفاف انتخابات کیلئے تبدیلیاں ضروری ہیں۔ اس کے علاوہ پولیس کے اعلیٰ افسروں کے تبادلوں کا بھی حکم جاری کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ الیکشن کمشن نے اس سے قبل بھی چیف سیکرٹری سندھ کو تبدیل کرنے کا حکم دیا تھا۔
سندھ تبادلے

epaper

ای پیپر-دی نیشن