حکمران فلم انڈسٹری کی تباہی کے ذمہ دار ہیں: زیبا بختیار
لاہور (کلچرل رپورٹر)فلم اسٹار زیبا بختیار نے کہا ہے کہ فلم انڈسٹری پر توجہ نہ دینے والے سیاسی حکمران بھی انڈسٹری کی تباہی کے ذمہ دار ہیں‘ پاکستانی ثقافت کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کیلئے انڈسٹری کی مضبوطی ناگزیر ہے۔ سیاسی جماعتوں کے منشور میں صحت‘ تعلیم اور دیگر شعبوں کیلئے تو بہت سے وعدے کئے جاتے ہیں لیکن آج تک کسی بھی سیاسی جماعت نے ملکی ثقافت اور اس سے وابستہ شعبوں پر کوئی توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے آج پاکستان کی فلم انڈسٹری زوال کا شکار ہے۔ انہوں نے کہاکہ میرا مطالبہ ہے کہ سیاسی جماعتیں اور حکمران فلم انڈسٹری پر بھی خصوصی توجہ دیں تا کہ فلموں کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستانی ثقافتی کو اجاگر کیا جا سکے۔