پاکستان میں فنکار کی قدر کم ہوتی جا رہی ہے:سائرہ نسیم
لاہور (کلچرل رپورٹر)گلوکارہ سائرہ نسیم نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے پاکستان میں ہر گزرتے دن کے ساتھ فنکار کی قدر کم ہوتی جا رہی ہے جو صرف شوبز نہیں جو ہر طبقے کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔پاکستان میں فنکاروں کی فلاح وبہبود کیلئے کوئی الگ ادارہ موجود نہیںجس کی وجہ سے زندگی میں مالی ‘ جسمانی اور دیگر مشکلات کا شکار ہونے والے فنکار سسک کر دنیاسے چلے جاتے ہیں اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں حکومتی سطح پر فنکاروں کیلئے نہ صرف باقاعدہ ادارے قائم ہیں بلکہ ان کیلئے فنڈز بھی مختص کئے جاتے ہیں لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ پاکستان میں فنکار کی وہ عزت نہیں جس کا وہ حقدار ہے۔