فاسٹ باﺅلنگ ٹیلنٹ کی تلاش ‘ کنگ آف سپیڈ ٹرائلز کے شیڈول کا اعلان
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے فاسٹ باﺅلنگ ٹیلنٹ کو سامنے لانے کےلئے کنگ آف سپیڈ ٹرائلز کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔ پی سی بی کے اعلامئے کے مطابق کنگ آف سپیڈ کیمپ ملک بھر میں 13 سے 21 اپریل تک دس مختلف شہروں میں منعقد ہو گا۔ ٹرائلز دو مرحلوں پر مشتمل ہوں گے اور قابل باﺅلرز کو رجسٹرڈ کیا جائے گا اور ہر کیمپ سے دو بہترین باﺅلرز دوسرے مرحلے میں شامل ہوں گے۔ کیمپ کا دوسرا مرحلہ لاہور اور کراچی میں لگائے جائے گا۔ دوسرے راﺅنڈ کے اختتام پر تین باﺅلرز وائلڈ کارڈ کے ذریعے کراچی میں لیجنڈ فاسٹ باﺅلر وسیم اکرم کی زیرنگرانی کراچی میں منعقدہ فاسٹ باﺅلنگ تربیتی کیمپ میں پاکستانی ٹیم جوائن کریں گے۔ پہلے راﺅنڈ کے ٹرائلز گڑھی خدابخش اور ملتان میں 13 اپریل کو، فیصل آباد میں 14، کراچی اور اسلام آباد میں 15، پشاور میں 16، کوئٹہ اور ایبٹ آباد میں 17، میرپور آزادکشمیر میں 18 جبکہ لاہور میں 20 اپریل کو منعقد ہوں گے۔ ملک بھر سے ٹاپ 20 باﺅلرز دوسرے مرحلے کے ٹرائلز میں حصہ لیں گے جوکہ 21 اپریل کو کراچی میں منعقد ہوں گے۔