الیکشن ڈرامہ مسترد، عوامی تحریک نے قوم کو آرٹیکل 62,63 کی پہچان کرا دی: طاہر القادری
اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ آج موقع ہے کہ ساری قوم اس انتخابی دھندے سے برا ت کا اعلان کر دے کیونکہ مو جودہ انتخابی نظام کے تحت ووٹ ڈالنا ایک بار پھر کرپشن لوٹ مار کا راستہ ہموار کرانا ہے۔ 11مئی کے دن پورے ملک میں عوام پرامن دھرنے دیکر اس انتخابی ڈرامے کو مسترد کر دیں۔ وہ جمعرات کو یہاں بیرون ملک سے پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سکرٹریٹ لاہور میں پاکستان عوامی تحریک کی ایگزیکٹو کونسل کے اہم اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جبکہ اسی موقع پر خرم نواز گنڈا پور، انوار اختر ایڈوکیٹ، قاضی فیض الاسلام، بشارت عزیز جسپال، فیاض وڑائچ،ساجد محمود بھٹی ، جواد حامد اور عبد الحفیظ چوہدری بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا پوری قوم کو 62,63 سمیت آئین کے دیگر آرٹیکلز کی پہچان کرا دی ہے۔پاکستان عوامی تحریک انتخابی اصلاحات کے بغیر ہونے والے الیکشن ڈرامے کو مسترد کرتی ہے، ہمیں اصولوں پر سمجھوتہ گوارا نہیں۔ جس ملک میں وزیر اور مشیر ٹیکس چور اور یوٹیلٹی بلوں کے نادہندہ ہوں وہاں انتخابی اصلاحات کے بغیر الیکشن میں حصہ لینا نا اہل اور ٹیکس چور سیاستدانوں کے اقتدار کو آئینی تحفظ فراہم کرنا ہے۔