صابرہ بی بی قتل کیس: تاجی کھوکھر سمیت تمام ملزم گرفتار کئے جائیں: سپریم کورٹ
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں صابرہ بی بی قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے سابق سی پی او راولپنڈی اظہر حمید کھوکھر کی سرزنش کی۔ سابق سی پی او راولپنڈی نے کہا کہ ملزمان بہت طاقتور اور مالی طور پر مضبوط ہیں۔ کیس کی تفتیش کے دوران ایک سال بہت مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے اگر پولیس کا یہ رویہ ہوجائے تو کام کیسے چلے گا؟ آپ نے عدالت میں ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی کرائی اور پھر چارج چھوڑ دیا۔ سابق سی پی او نے کہا پولیس میں پورے پنجاب میں تبادلے ہوئے، میرا بھی تبادلہ ہوا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے اثرورسوخ والے لوگ ہیں، اسلئے تفتیش کرنے کی ہمت نہیں پڑتی۔ جسٹس شیخ عظمت نے ریمارکس دیئے تفتیش نہیں کرسکتے تو کہہ دیں کہ آپکے بس میں نہیں۔ عدالتی حکم میں کہا گیا کہ آئی جی پولیس اس کیس کی تفتیش کیلئے کوئی اہل افسر مقرر کریں۔ ایسا افسر مقرر کیا جائے جو آزادانہ تحقیقات کرسکے۔ عدالت نے تاجی کھوکھر سمیت تمام ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا۔ کیس کی سماعت 18 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔