• news
  • image

جعفر لغاری، مینا اور ون پونڈ فش والے شاہد نذیر مسلم لیگ ن میں شامل، کرپٹ سیاستدانوں کو نشان عبرت بنا دینگے: نواز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر + نیوز ایجنسیاں) ڈیرہ غازی خان کے لغاری قبیلے کے سرکردہ رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی سردار جعفر لغاری نے اپنی اہلیہ اور سابق رکن قومی اسمبلی مینا لغاری کے ہمراہ نواز شریف اور شہباز شریف سے ملاقات کی اور ان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ ان کے علاوہ بین الاقوامی شہرت یافتہ نغمہ ”ون پاﺅنڈ فش“ کے خالق و گلوکار شاہد نذیر نے بھی گزشتہ روز نواز شریف اور شہباز شریف سے ملاقات کی اور انہیں نوجوان نسل کے پسندیدہ قائدین قرار دیتے ہوئے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر شاہد نذیر نے نواز شریف کی فرمائش پر نغمہ ون پاﺅنڈ فش گا کر سنایا۔ اس موقع پر نوازشریف نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں عوام کرپٹ سیاستدانوں اور انکے حواریوں کو نشان عبرت بنا دیں گے، عام انتخابات میں ایک منٹ کی تاخیر بھی برداشت نہیں کی جائیگی اور ہم محب وطن سیاسی جماعتوں کو ساتھ لیکر چلیں گے، پنجاب میں شہباز شریف کی زیر قیادت حکومت نے جتنے ترقیاتی کام کئے ہیں ماضی میں انکی مثال نہیں ملتی۔ نوازشریف نے دونوں رہنماﺅں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ انکی شمولیت سے ڈیرہ غازی خان میں مسلم لیگ (ن) مضبوط ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی عوامی اور اصولی سیاست سے متاثر ہو کر آج معاشرہ کے تمام طبقات سے لوگ ہماری پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔ علاوہ ازیں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ آمر حکمرانوں اور ان کے کرپٹ جانشینوں نے پاکستان کو جو بھاری نقصانات پہنچائے ہیں قوم ان سے پوری طرح آگاہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بری حکمرانی، امن و امان کی دگرگوں صورتحال، بدترین لوڈشیڈنگ نے پاکستانیوں کو دکھ اور مصیبت میں مبتلا کر دیا ہے۔ قوم انتخابات میں حصہ لینے کی تیاریاں کر رہی ہے مسلم لیگ (ن) انشاءاللہ قوم کی توقعات پر پورا اترے گی۔ پاکستان کو قائدؒ اور اقبالؒ کا پاکستان بنائے گی۔ پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے مزید کہا کہ مساوات، دیانتداری، عدل و انصاف اور سب سے بڑھ کر جمہوری اصولوں اور قانون کی حکمرانی کی بنیاد پر مساوی مواقع اور ملازمتیں پیدا کرکے معاشی اور اقتصادی ترقی کو یقینی بنایا جائے گا۔
نواز شریف

epaper

ای پیپر-دی نیشن