چیف جسٹس اور الیکشن کمشن کے خوش آئند اقدامات
مکرمی! عدالت عظمیٰ اور الیکشن کمشن کی مضبوط حکمت عملی سے عوام کے اندر خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور احتساب کی جو یہ چھلنی پھرنی شروع ہوئی ہے اس وقت تک پھرتی رہنی چاہئے جب تک کھرے کھرے دانے اوپر اور گند سارا نیچے نہیں چلا جاتا۔ لٹیروں کا کڑا احتساب ہونا چاہئے اور عدلیہ سے عوام الناس کی پرزور اپیل ہے کہ ان مداریوں کی ایک سال تک ضمانت ہی نہیں ہونی چاہئے۔ انہی لوگوں کی وجہ سے پاکستان کو کرپشن جیسی بدنامی کا سامنا ہے۔ قومی مجرموں کو ملک سے باہر بھی نہ جانے دیا جائے اور محکمہ تعلیم کے اندر رہتے ہوئے جو جعلی ڈگریاں ایشو کرتے ہیں ان کو عوام کے سامنے لایا جائے جو امیدوار جعلی ڈگری اور غلط بیانی کے زمرے میں آتے ہیں ان پر انتخابات میں حصہ لینے پر تاحیات پابندی لگائی جائے۔ باپ سے بیٹا اور بیٹے سے پھر بیٹا والا کلچر ختم ہونا چاہئے۔ سرزمین سے پیار کرنے والوں کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔ آپکی کوششوں سے شائداس ملک کو ایک ایسی قیادت نصیب ہو جائے جو پاکستان کو بحرانوں سے نکال کر وطن عزیز کا وقار بلند کرنے میں معاون ثابت ہو۔(محمد الطاف ظہور فورٹ عباس)