2 چھٹیاں، عملدرآمد آج سے، ہسپتال عدالتیں کھلیں گی، میٹرک کے عملی امتحان ہونگے
لاہور (نامہ نگاران+سٹاف رپورٹر+ نیوز رپورٹر+این این آئی) پنجاب حکومت کی طرف سے بجلی کے بحران کے پیش نظر صوبے میں دو چھٹیوں کے جاری کردہ نوٹیفکیشن پر آج ( ہفتہ ) سے عملدرآمد ہوگا۔ صوبہ بھر میں تمام صوبائی دفاتر آج ہفتہ اور کل اتوار کو بند رہیں گے۔ نوٹیفکیشن کا اطلاق سرکاری ہسپتالوں اور اینٹی ڈینگی سکواڈ میںکام کرنے والوں پر نہیں ہوگا۔ پنجاب کے زیر اہتمام چلنے والے تمام ٹیچنگ،ضلعی وتحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال،دیہی مراکز صحت،بنیادی مراکز صحت اور سپیشل ہیلتھ انسٹیٹیوشنز ہفتہ میں 6 دن معمول کے مطابق کھلے رہیں گے، تمام میڈکل کالجز ہفتہ کے روز بندرہیں گے تاہم میڈیکل کالجوں کے پروفیسرز ،ایسوسی ایٹ پروفیسرز،اسسٹنٹ پروفیسرزاور کلینکل سٹاف ڈیوٹی روسٹر کے مطابق اپنے اپنے ہسپتالوں میں فرائض سرانجام دیں گے۔سیکنڈری سکول سالانہ امتحان 2013 کے سلسلہ میں پریکٹیکل امتحان جاری ہے۔ لاہور بورڈ کے زیر اہتمام ہفتہ کو بھی شیڈول کے مطابق پریکٹیکل امتحان منعقد ہوا کریں گے۔ لاہور ہائی کورٹ، لاہور پرنسپل سیٹ، بہاولپور، ملتان اور راولپنڈی بنچ اور صوبہ میں ضلعی عدالتیں ہفتہ وار دو چھٹیاں نہیں کریں گی۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عمر عطا بندیال نے دو چھٹیوں کی سمری کو مسترد کر دیا۔ پنجاب حکومت کی طرف سے اعلان کردہ دو چھٹیوں کا اطلاق ہائیکورٹ پر نہیں ہوگا اور ہائیکورٹ سمیت ماتحت عدالتیں معمول کے مطابق ہفتہ کے روز امور سرانجام دیں گی۔علاوہ ازیں پولیس حکام کے مطابق ہفتے کے روز چھٹی کا اطلاق محکمہ پولیس پر نہیں ہوگا اور تمام افسران اور اہلکار اپنے سرکاری فرائض معمول کے مطابق ادا کریں گے۔سٹی ٹریفک پولیس آج ہفتے کے روز تمام دفاتر اور لائسنس برانچیں معمول کے مطابق کام کریں گی۔ چیف ٹریفک آفیسر لاہور سہیل چوہدری نے کہا ہے شہریوں کی ڈرائیونگ لائسنس کے حصول میں سہولت کے پیش نظر ہفتے کے روز سٹی ٹریفک پولیس کی تمام لائسنسنگ دفاتر، لرنر پرمٹ بوتھ، موبائل لرنر پرمٹ یونٹس، ایجوکیشن یونٹ اور کاغذات واپسی کے حصول کیلئے تمام ٹکٹنگ سٹاف معمول کے مطابق کام کرے گا۔