• news

مرکز، سندھ میں اعلیٰ افسروں کے تبادلے محض اشک شوئی ہیں: رانا ثنا

لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے رہنماءرانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ مرکز اور سندھ میں اعلیٰ سرکاری افسروں کے تبادلوں کی حیثیت محض اشک شوئی کی ہے اور وزیراعظم سیکرٹریٹ سمیت ملک کے اہم محکموں اور اداروں میں ابھی تک پیپلز پارٹی کے لگائے گئے من پسند افسر اور عہدیدار کام کر رہے ہیں۔گزشتہ روز بیان میں انہوں نے کہا کہ سرکاری ذرائع ابلاغ کو غیر جانبدار بنائے بغیر شفاف الیکشن کا خواب پورا نہیں ہو سکتا، عوام یہ سوال کرنے میں حق بجانب ہیں کہ تقریباً ایک ماہ گزرنے کے باوجود وزارت اطلاعات کے مرکزی اور ذیلی تمام دفاتر کے اعلیٰ عہدیدار اسی طرح اپنے عہدوں پر کیوں براجمان ہیں؟ پنجاب کے محکمہ اطلاعات کی طرح مرکزی حکومت میں یہ تبدیلیاں کیوں نہیں کی گئیں؟ اور یہ کہ کیا انتخابات صرف پنجاب میں ہو رہے ہیں؟ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن میں پچھلی حکومت نے پارٹی سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد کو بھاری معاوضوں پر ملازمتیں دی تھیں جنہوں نے عبوری حکومت کے دور میں بھی پاکستان ٹیلی ویژن کو اپنے آقاﺅں کا نفس ناطقہ بنا رکھا ہے۔ اسی طرح ریڈیو پاکستان کا ڈائریکٹر جنرل صدر زرداری کا ایک ایسا ذاتی دوست ہے جو اپنی استعداد کی بنیاد پر پروڈیوسر کا عہدہ بھی حاصل نہیں کر سکتا۔

ای پیپر-دی نیشن