• news

بلوچ رہنماﺅں پر مقدمات ختم، بگٹی کے قاتلوں کو سزا دینگے، نیشنل پارٹی کا منشور

کوئٹہ(بیورو رپورٹ) نیشنل پارٹی نے انتخابی منشور کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں ظلم، جبر اور نا انصافیوں کے ازالے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے آنے والے دور اقتدار میں وزیراعلی نیشنل پارٹی سے ہوگا۔یہ بات نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ بلوچستان میں طاقت کے استعمال کے برعکس تمام سیاسی قوتوں کو اعتماد میں لیتے ہوئے نیشنل پارٹی مسائل کے فوری حل کیلئے اقدامات اٹھائے گی لاپتہ سیاسی کارکنوں کی بازیابی کیلئے اقدامات کئے جائیں گے ،نقل مکانی کرنے والے افراد کی انکے علاقوں میں باعزت واپسی اور بحالی کو یقینی بنایا جائے گا بلوچستان کے معاملات پر با اختیار کمیشن تشکیل دیا جائے گا، بلوچ رہنماﺅں کے خلاف تمام مقدمات ختم کرکے انکے ورانٹ منسوخ کئے جائیں گے نواب اکبر بگٹی قتل کیس میں ملوث تمام عناصر کو بے نقاب کرکے قرار واقعی سزا دی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی نے اپنے انتخابی منشور کا اعلان کردیا ہے جس کے تحت ملک کی تمام وحدتوں پر مشتمل برابری کی ایک ایسی وفاقی جمہوری مملکت تشکیل دی جائے گی جس میں مالیاتی و سیاسی اختیارات وفاق سے قومی وحدتوں اور تحصیل ،یونین کونسل کی سطح تک منتقل کئے جائیں گے۔ قومی زبانوں ،بلوچی ،پنجابی ،سندھی ،پشتون ،سرائیکی کو قومی زبانوں کا درجہ دیا جائے گا۔ مقامی آبادی کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی پالیسیوں کے خلاف ہر محاذ پر آواز اٹھائی جائے گی اور مقامی آبادی کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ زرعی اصلاحات نافذ کرکے فوجی و سول افسران کو نوازی گئی زرعی اراضی واپس لیکرتمام سرکاری و غیر آباد زرعی ارضیات کسانوں میں تقسیم کی جائے گی، نیشنل پارٹی تحریر و تقریر اور تنظیم سازی کی مکمل آزادی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے گی روزگار ،تعلیم ،علاج ،رہائش کوا نسانی حق تسلیم کرکے اس پر عملدرآمد کیا جائے گا سیکولر اور غیر فرقہ وارانہ نظام کے فروغ کیلئے جدوجہد کی جائے گی کسی کو اپنے عقائد دوسر ے پرمسلط کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم پر مجموعی بجٹ کا 5 فیصد خرچ کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن