• news

بھاری اکثریت سے الیکشن جیت کر بلوچستان، خیبر پی کے میں حکومت بنائینگے: فضل الرحمان

ژوب+ ڈی آئی خاں (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ جے یو آئی عام انتخابات میں ایک فریق کی حیثیت سے اپنے عقیدے اور منشور کی بنیاد پر حصہ لے رہی ہے۔ الیکشن میں ہم بھاری اکثریت سے کامیاب ہونگے اور بلوچستان اور خیبر پی کے میں حکومت بنائیں گے۔ وہ ژوب میں اسلام زندہ باد کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے کہ اس دوران موسلا دھار بارش شروع ہو گئی اور عوام خطاب کے دوران جلسہ گاہ چھوڑ کر چلے گئے جس کے باعث مولانا فضل الرحمن نے تقریر مختصر کر دی۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ عوام کے ووٹ سے انتخابات کے ذریعے تبدیلی لائیں گے۔ جے یو آئی ف پارلیمنٹ میں پوری امت کی جنگ لڑے گی، عام انتخابات میں عوام مفاد پرستوں کو مسترد کر دیں جے یو آئی ف بلوچستان کے تمام اقوام، اقلیتوں اور آباد کاروں کی ترجمان جماعت ہے۔ ہماری جماعت میں قومیت اور فرقہ پرستی کی کوئی گنجائش نہیں۔ دریں اثناءڈی آئی خان میں اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ملک میں لوڈشیڈنگ، کرپشن، مہنگائی اور بدامنی کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے مگر یہ کام صرف اور صرف ایک بے لوث اور باکردار قیادت ہی کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے انتخابات میں عوام نے فیصلہ کرنا ہے کہ اسی طرح غلامی کی زندگی انہیں پسند ہے یا آزادی، خودمختاری کی زندگی، ہم اپنے مثالی منشور کے ساتھ ملک بھر میں انتخابات میں حصہ لیں گے۔ 

ای پیپر-دی نیشن