حمید اکبر نوانی‘ عبدالخالق کھر کی اپیلیں مسترد‘ عاقل شاہ کو الیکشن لڑنے کی اجازت
لاہور+راولپنڈی+ بھکر+ پشاور+ مظفرگڑھ (وقائع نگار خصوصی +نوائے وقت نیوز) کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کیخلاف ملک بھر میں اپیلوں کی سماعت کا سلسلہ گذشتہ روز بھی جاری رہا۔ لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن ٹریبونل نے 3 امیدواروں کو الیکشن لڑنے کی اجازت دی۔ الیکشن ٹریبونل نے 12 امیدواروں کی اپیلیں مسترد کر دیں۔ پی پی 127 سے فیصل نواز، این اے 108 سے یونس شاہد اور پی پی 108 سے امتیاز احمد کو الیکشن لڑنے کی اجازت دی۔ 13 امیدواروں کی اپیل پر الیکشن کمشن کو نوٹس جاری کئے جبکہ 95 امیدواروں کی اپیلوں کی سماعت پیر تک ملتوی کر دی گئی۔ راولپنڈی کے الیکشن ٹریبونل نے اقلیتوں کی مخصوص نشست پر مسلم لیگ ن کے ڈاکٹر نیلسن عظیم کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کے خلاف اپیل خارج کر دی۔ ان کے کاغذات نامزدگی اثاثہ جات چھپانے کی وجہ سے مسترد کئے گئے الیکشن ٹریبونل نے پی پی 48 سے مسلم لیگ ن کے حمید اکبر نوانی کو نااہل قرار دے دیا۔ حمید اکبر کے کاغذات نامزدگی کرپشن کے الزامات کے باعث مسترد کئے گئے جبکہ این اے 74 سے مسلم لیگ ن کے رشید اکبر نوانی اور پی پی 49 سے سعید اکبر نوانی کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے۔ ریٹرننگ افسر نے جعلی ڈگری کے الزام میں دونوں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے تھے۔ الیکشن ٹریبونل نے ایم کیو ایم کے راجہ اعجاز حسین کے این اے 55، پی پی 11 اور 12 جبکہ آل پاکستان مسلم لیگ کی فاخرہ زینب زیدی کے پی پی 11 سے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے۔ این اے 51 گوجر خان سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار راجہ جاوید اخلاق کے کاغذات منظور کر لئے گئے۔ الیکشن ٹریبونل نے راجہ جاوید اخلاص پر لگائے گئے الزامات مسترد کرتے ہوئے ان کو الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی۔ الیکشن ٹریبونل میں سابق صوبائی وزیر عاقل شاہ کے کاغذاتِ نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف اپیل کی سماعت ہوئی۔ الیکشن ٹریبونل نے سابق صوبائی وزیر عاقل شاہ کو انتخابات لڑنے کی اجازت دیدی۔ جعلی ڈگری کیس میں عاقل شاہ کو ایک سال قید اور 3 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی۔ سید عاقل شاہ بی کے 4 سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔ حلقہ پی پی 255 سے سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کے بھائی عبدالخالق کھر کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے پر کی جانے والی اپیل مسترد کر دی گئی۔ الیکشن ٹریبونل نے پی ایس 114 سے خواجہ سراﺅں کی تنظیم دیا کی صدر بندیا رانا کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے۔ پشاور ہائی کورٹ کے الیکشن ٹریبونل میں کاغذات نامزدگی پر اپیلوں کی سماعت ہوئی۔ این اے 4 پشاور سے تحریک انصاف کے امیدوار گلزار خان کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی گئی۔ ٹریبونل نے انکے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے۔ خواتین کی مخصوص نشست کے لئے متحدہ دینی محاذ کی امیدوار روبینہ شاہین کی اپیل خارج کرتے ہوئے انکے کاغذات مسترد کر دئیے گئے۔ پی کے 17 چارسدہ سے امیدوار جہانگیر خان کی اپیل منظور کر لی گئی اور انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی۔ پی کے 30 مردان سے امیدوار سعید محمد، پی کے 28 مردان سے حافظ شمس الرحمن، پی کے 25 سے دو امیدواروں عرفان احمد اور زوار حسین کو انتخابات لڑنے کی اجازت دے دی گئی۔ ایکشن ٹربیونل نے سابق ایم پی اے عطیف الرحمان کے کاغذات نامزدگی پر اپیل منظور کرکے انہیں الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دیدی۔