پرویز الٰہی،راجہ ریاض سمیت کئی سیاستدان قرضے معاف کرانے کے باوجود اسمبلیوں میں موجود رہے
لاہور(نیوز ڈیسک) پرویز الہٰی، راجہ ریاض قرضے معاف کرانے کے باوجود اسمبلیوں میں رہے۔سابق سپیکر فہمیدہ مرزا،سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی اور سابق ڈپٹی اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی راجہ ریاض دس سالوں کے دوران مختلف بنکوں سے لئے گئے کروڑوں روپے کے قرضے معاف کرانے یا دیگر مالی فوائد حاصل کرنے کے باوجود قانون ساز اسمبلیوں میں عوام کی نمائندگی کرتے رہے ہیں۔ان میں سے اکثر سیاستدانوں نے آئندہ انتخابات میں حصہ لینے کیلئے کاغذات نامزدگی داخل کراتے وقت معاف کرائے گئے قرضوں کا ذکر نہیں کیا ہے۔سٹیٹ بنک کی دستاویزات کے مطابق دس برسوں کے دوران جن سیاستدانوں نے اپنے کاروباری اداروں کے نام پر لئے گئے قرضے معاف کرائے ہیں۔ ان میں فہمیدہ مرزا،پرویز الہٰی ،راجہ ریاض، چوہدری شجاعت، شفاعت حسین، مونس الہٰی، سردار عمر خان لغاری،سردار جعفر خان لغاری، سردار اویس احمد لغاری، سردار جمال خان لغاری اور نذیر فرید مانیکا وغیرہ شامل ہیں۔