14 سال سے التوا کا شکار این ایف سی ایوارڈ کا اجرا پی پی کا کارنامہ ہے
لاہور (خصوصی رپورٹر) پیپلز پارٹی کے نائب صدر عزیزالرحمان چن، طارق گجر اورسیکرٹری اطلاعات ونشریات راجہ عامر خاں نے کہا ہے خسرہ جیسی بیماری سے پنجاب میں آج کے جدید دور میں کم سن بچوں کی ہلاکتیں ”شوباز“ شریف کی شو باز پالیسیوں کا نتیجہ ہیں۔ پیپلز سیکرٹریٹ میں پارٹی اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی کے رہنماﺅں نے کہا مسلم لیگ ن پنجاب حکومت نے اپنے پانچ سالہ دور میں وفاقی حکومت سے ملنے والے 2500 ارب روپے اپنے اللے، تللوں سستی روٹی سکیم، آشیانہ ہاﺅسنگ سکیم، دانش سکول، لیپ ٹاپ اور70 ارب روپے جنگلہ بش سروس پر خرچ کرکے غریب عوام کو ہسپتالوں میں ایڑیاں رگڑ رگڑ کر مرنے پر مجبور کر دیا۔ 14 برس سے تعطل کے شکار این ایف سی ایوارڈ کا اعلان پیپلز پارٹی حکومت کا ایک ایسا تاریخی کارنامہ ہے جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ اس این ایف سی ایوارڈ کے تحت وفاق سے چاروں صوبوں کو اتفاق رائے سے ہر سال اتنی رقوم ملی ہیں کہ وہ باآسانی اپنے بجٹ بنا کر عوام کی خدمت کر سکتی تھیں۔