مشاہد حسین کا دورہ نائن زیرو‘ متحدہ رہنماﺅں سے سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال
کراچی (نیوز رپورٹر ) ق لیگ کے جنرل سیکریٹری مشاہد حسین سیدکی سربراہی میں ایک نمائندہ وفد نے اتوار کی شام ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو عزیز آباد پر رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فارو ق ستار اور ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں ملک میں پرامن عام انتخابات کے انعقاد، موجودہ سیاسی صورتحال ، انتہاءپسندی ، شدت پسندی کے چیلنج اور ملک کی مجموعی سیاسی ، سماجی اور اقتصادی صورتحال کے علاوہ باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وفد میں پی ایم ایل( کیو) سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ ، جعفر الحسن، رکن الدین میرانی اور خان بہادر شیر شامل تھے۔ ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان وسیم آفتاب اور رضا ہارون بھی موجود تھے ۔ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا پی ایم ایل( کیو) نے نائن زیرو کا دورہ خیر سگالی کے جذبے کے تحت کیا ہے۔ پاکستان اس وقت جس صورتحال سے گزر رہا ہے اس بحران سے پاکستان کو نکالنے کیلئے پاکستان کی سیاسی برادری کو آپس میں مل جل کر پائیداراقدامات کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا ایم کیوایم کو مسلسل دھمکیاں مل رہی ہیں۔ گھر گھر تلاشی کے نام پر وہا ں پر لوگوں کو خوفزدہ کیاجارہا ہے اور یہ عمل موثر ، انتخابی سیاسی جمہوری مہم کی ضرورت سے مطابقت نہیں رکھتا ۔مشاہد حسین سید نے کہا کہ آئندہ جو الیکشن آرہے ہیں اس کیلئے قومی ایجنڈا بنانا ہوگا ، دہشت گردی ، انرجی ، ایجوکیشن اور اکنامی کے ایشوز پر سیاسی سیز فائر ہونا چاہئے ۔سیاسی عزم او ر قوت سب جماعتوں میں ہونی چاہئے اور عوام کے بنیادی ایشوز پر سب ہی جماعتوں کو لیکر چلنا چاہئے۔