الیکشن کمشن شریف برادران کی قومی خزانے سے عیاشیوں کا نوٹس لے: وٹو
لاہور (خبر نگار) پی پی پی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے شہباز شریف کی جانب سے تاجروں، صنعت کاروں سے مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم کیلئے فنڈ ریزنگ کے نام پر کروڑوں روپیہ وصول کرنے کوسخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف لاہور کے درجنوں تاجروں، صنعت کاروں نے شہباز شریف کی دھمکیوں کی ان سے شکایت کی ہے کہ ان سے شہباز شریف کے لوگوں نے انتخابات کے نام پر بھاری رقوم وصول کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سیاست میں اس گھناﺅنے عنصر کے شامل ہونے سے جمہوریت کیلئے اور آئندہ انتخابات کے لیے بڑے خطرات مضمر ہیں اس لیے سپریم کورٹ اور الیکشن کمشن کو اسکا فوری نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران قومی خزانے پر عیاشی کرنے کے عادی ہیں اور الیکشن کمشن کو انکے اس رجحان کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیے۔