• news

امن برقرار رکھنے کیلئے سرحدی علاقوں سے آمد و رفت پر مزید توجہ دیں گے : نگران وزیر داخلہ

کوئٹہ + چمن (آن لائن + نوائے وقت رپورٹ) نگران وفاقی وزیر داخلہ ملک محمد حبیب خان نے کہا ہے کہ امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے سرحدی علاقوں سے ہونے والی آمدورفت پر مزید توجہ دی جائیگی تاکہ ہر قسم کی غیر قانونی نقل و حرکت کو مکمل طور پر روکا جا سکے۔ یہ بات انہوں نے بلوچستان کے سرحدی شہر چمن کے دورے کے موقع پر کہی، چمن پہنچنے پر ایف سی کے کمانڈنٹ پشین سکاﺅٹس کرنل حیدر علی نے ان کا استقبال کیا۔ وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ روزانہ تقریباً 6 سے 7 ہزار افراد بارڈر کراس کرتے ہیں جہاں ایف سی نے اپنی چیک پوسٹیں قائم کی ہیں اور سکینرز کے ذریعے یہ کارروائی کی جاتی ہے۔ وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ آنے والے انتخابات کے دوران غیر ضروری نقل و حمل کو روکنے کے لئے مزید سکیورٹی موثر بنائی جائے جس کے لئے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے ایف سی کے مورال کو سراہتے ہوئے کہا کہ بارڈر سکیورٹی کے حوالے سے سکیورٹی کو مزید مربوط بنایا جائے۔ دریں اثناءمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ بلوچستان کی سیاسی لیڈر شپ کے سکیورٹی خدشات دور کر کے صوبے میں تحفظ اور اعتماد کی فضا پیدا کریں گے۔ وزارت داخلہ بلوچستان کے لوگوں کو تسلی بخش سکیورٹی فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ میرا بلوچستان کے دورہ کا مقصد بھی عام انتخابات کے لئے سکیورٹی امور کا جائزہ لینا ہے۔ علاوہ ازیں نگران وفاقی وزیر داخلہ نے کراچی میں چیف الیکشن کمشنر کے دفتر سے لیپ ٹاپ چوری ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کر لی۔ الیکشن کمیشن کے تمام دفاتر کی سکیورٹی سخت کرنے اور عملہ کی مناسب حفاظت کرنے کا حکم دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن