باردانہ تقسیم کی مہم آج سے شروع، پہلے آﺅ پہلے پاﺅ کی بنیاد پر دیا جائیگا
لاہور (اے پی اے ) حکومت پنجاب آج 15 اپریل سے باردانہ تقسیم کی مہم شروع کر رہی ہے جس میں پہلے آﺅ پہلے پاﺅ کی بنیاد پر باردانے کی تقسیم کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔اسی طرح 20 اپریل سے گندم خریدنے کے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ۔محکمہ خوراک کے ذرائع کے مطابق صوبے بھر سے 40 لاکھ ٹن گندم 1200 روپے فی من کے حساب سے خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت پنجاب نے پہلے آﺅ پہلے پاﺅ کی بنیاد پر باردانے کی تقسیم کا فیصلہ کیا ہے جبکہ زمینداروں کی سہولیات کے پیش نظر 7 روپے 50 فی کوئنٹل کے حساب سے ڈلیوری چارجز کئے جائینگے۔حکومت پنجاب نے فی ایکڑ 8 بوری کے حساب سے باردانہ تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ حکومت پنجاب نے گندم کی خریداری کے دوران خصوصی چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دیدی ہیںجو پنجاب بھرمیں بنائے جانیوالے مراکز گندم خرید پر صوبے بھر کے 36 اضلاع میں گندم خرید کے دوران چھاپے مار کر رپورٹ حکومت پنجاب کو ارسال کریں گی۔