• news

صاحبزادہ فضل کریم انتقال کر گئے‘ تدفین آج فیصل آباد میں ہو گی

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) ممتاز مذہبی رہنما سیاسی شخصیت، معروف سیاستدان اور سابق وزیراوقاف صاحبزادہ حاجی فضل کریم چیئرمین سنی اتحاد کونسل اپنے خالق حقیقی سے جاملے ( اناللہ واناالیہ راجعون) ان کی نماز جنازہ آج (منگل) صبح 10 بجے دھوبی گھاٹ مےں ادا کی جائے گی ۔ نماز جنازہ شیخ الحدیث مفتی محمد شریف رضوی آف بھکر پڑھائیں گے ان کا جنازہ ان کی رہائش گاہ الفتح گارڈن کینال روڈ سے اٹھایا جائے گا۔ صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم گذشتہ چند روز سے شدید علیل تھے وہ جگر کے کینسر میں مبتلا تھے اور طبیعت مزید خراب ہونے کی وجہ سے قومے میں چلے گئے تھے۔ وہ پیر کے روز الائیڈ ہسپتال فیصل آباد کے پرائیویٹ وارڈ میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ ان کی وفات کی خبر سے پورے ملک میں سوگ پھیل گیا۔ ملک بھر کے مذہبی، سیاسی، سماجی، عوامی اور صحافتی حلقوں نے ان کی وفات پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند کرتے ہوئے انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ سیاسی، سماجی اور مذہبی حلقوں نے کہا ہے کہ صاحبزادہ حاجی فضل کریم کی وفات سے ملک میں ایک بہت بڑا خلا پیدا ہوا ہے جسے صدیوں تک پر نہیں کیا جا سکتا۔ صاحبزادہ حاجی فضل کریم نے اپنے سوگواروں میں چار بیٹے صاحبزادہ حامد رضا، حسن رضا، حسین رضا اور محسن رضا کے علاوہ ایک بیٹی اور بیوہ کو سوگوار چھوڑا ہے۔ صاحبزادہ حاجی فضل کریم کی وفات پر ان کے مریدین اور سیاسی و مذہبی لوگ دھاڑیں مار مار کر روتے رہے۔ پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی راجہ ریاض احمد نے صاحبزادہ حاجی فضل کریم کی وفات پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے الائیڈ ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حاجی فضل کریم کی وفات سے ملک میں سیاسی اور مذہبی طور پر بہت بڑے خلا نے جنم لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حاجی فضل کریم جیسی شخصیات صدیوں بعد پیدا ہوتی ہیں اور ان کی مذہبی، سیاسی اور سماجی خدمات کو کبھی بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکے گا۔ قائم مقام چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے صاحبزادہ حاجی فضل کریم کی وفات پر اپنے تمام حامیوں اور مریدین کو صبر کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا ہے کہ صاحبزادہ فضل کریم ملک مےں مسلک اہلسنت کے بہت بڑے عظیم لیڈر تھے۔ انہوں نے ساری زندگی دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کی۔ تاہم صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم کے انتقال کے بعد ان کی میت ان کی اقامت گاہ واقع کینال روڈ لے جائی گئی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ حاجی محمد فضل کریم کی وفات سے دو روز قبل سنی اتحاد کونسل کے ایک اہم اجلاس میں متفقہ طور پر انکے صاحبزادے حامد رضا کو کونسل کا قائم مقام چیئرمین نامزد کر دیا گیا تھا۔ سنی اتحاد کونسل نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے اس دوران کونسل کی تمام سرگرمیاں معطل رہیں گی۔ صدر زرداری، وزیر اعظم کھوسو، گورنر و وزیر اعلیٰ پنجاب، مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف، شہباز شریف، منور حسن، مولانا فضل الرحمن، الطاف حسین، علامہ ڈاکٹر طاہر القادری، سرپرست انجمن اشاعت دین اسلام علامہ منیر احمد یوسفی اور دیگر رہنما¶ں نے ان کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔سپیشل رپورٹر کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، صدر جاوید ہاشمی، وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی اور دیگر نے صاحبزادہ فضل کریم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ الگ الگ تعزیتی پیغامات میں انہوں نے کہا آج ملک ایک مخلص، ایماندار سیاسی شخصیت سے محروم ہو گیا ہے۔ خصوصی نامہ نگار کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے بھی صاحبزادہ فضل کریم کی رحلت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لواحقین کے نام تعزیتی پیغام میں کہا مرحوم کی مذہبی و ملی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، صدر زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور، سابق وزرائے اعظم پرویز اشرف، یوسف رضا گیلانی نے بھی گہرے دکھ، دلی رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ق لیگ کے صدر شجاعت حسین، رہنما پرویز الہی، مسلم لیگ (فنکشنل) کے سربراہ پیر صبغت اللہ راشدی پیر پگاڑا، محمد علی درانی نے بھی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے جبکہ الطاف حسین کی ہدایت پر ایم کیو ایم کا اعلی سطحی وفد صاحبزادہ فضل کریم کی نماز جنازہ میں شرکت کرے گا۔ 

ای پیپر-دی نیشن