• news

ذوالفقار چیمہ کی نگراں وزیر داخلہ سے ملاقات پاسپورٹ کے جلد اجراءپر تبادلہ خیال

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر داخلہ ملک محمد حبیب خان سے ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس ذوالفقار احمد چیمہ نے پیر کو یہاں وزارت داخلہ میں ملاقات کی‘ ملاقات میں ملک بھر میں زیر التواء لاکھوں پاسپورٹس کے جلد از جلد اجراءپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے ڈی جی پاسپورٹ کو ہدایت کی ہے کہ عوام کی مشکلات کے ازالہ کے لئے رکے ہوئے تمام پاسپورٹس کو جلد از جلد جاری کیا جائے اس سلسلہ میں کسی قسم کی مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے ڈیپارٹمنٹ میں کسی نااہل اور کرپٹ افسر کو برداشت نہ کیا جائے گا ۔انہوں نے وفاقی سیکرٹری داخلہ اور ڈی جی پاسپورٹس کو ہدایت کی کہ پاسپورٹس کے اجراءمیں تاخیر کے بارے میں وفاقی محتسب کی طرف سے تشکیل دی گئی چار رکنی کمیٹی کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے۔ انہوں نے رکے ہوئے تمام پاسپورٹس کو بھی بلا تاخیر جلد از جلد جاری کرنے کی ہدایت کی۔

ای پیپر-دی نیشن