• news

بیوروکریسی میں ردوبدل کسی کی پسند یا ناپسند پر نہیں کیا گیا: نجم سیٹھی

لاہور (خصوصی رپورٹر) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ نجی شعبہ کسی بھی ملک کی ترقی اور اسے معاشی طور پر مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو فروغ دے کر ملک کو ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کیا جا سکتا ہے۔ بزنس کمیونٹی کو توانائی کے بحران کی وجہ سے پیش آنے والی مشکلات سے پوری طرح آگاہ ہیں، اس سلسلے میں وفاقی حکومت سے بات کی جا سکتی ہے۔ سارک چیمبر کو مزید م¶ثر اور فعال بنا کر تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ خطے کے ممالک کے مابین تجارتی، اقتصادی اور ثقافتی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ وقت آئے گا کہ پالیسی ساز خطے کے ممالک کے مابین تجارتی سرگرمیوں کو مزید بڑھانے کے لئے اقدامات کریں گے تاکہ خطے میں اعتماد سازی کی فضاکو فروغ دیا جا سکے۔ نگران حکومت کی اولین ترجیح عام انتخابات کا شفاف، صاف، آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انعقاد یقینی بنانا ہے اور اس مقصد کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے اور پرامن ماحول میں انتخابی عمل یقینی بنایا جائے گا۔ نگران حکومت کا کام کسی کا احتساب کرنا نہیں بلکہ عام انتخابات کے شفاف اور پرامن انعقاد کو یقینی بنانا ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے پوری حکومتی مشینری متحرک ہے۔ ہم اپنے مینڈیٹ کے اندر رہتے ہوئے فرائض سرانجام دیں گے تاکہ کوئی ہم پر انگلی نہ اٹھا سکے۔ وہ گذشتہ روز ایوان وزیر اعلیٰ میں وائس چیئرمین سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری افتخار علی ملک کی قیادت میں مختلف چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ پرنسپل سیکرٹری ٹو چیف منسٹر، صوبائی سیکرٹری صنعت اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ نجم سیٹھی نے بزنس کمیونٹی کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا تعلق بھی بزنس فیملی سے ہے اور مجھے بزنس کمیونٹی کے ساتھ ملاقات کر کے بے حد خوشی ہو رہی ہے۔ توانائی کے بحران کی وجہ سے تاجروں، صنعتکاروں اور عوام کو یقیناً مشکلات کا سامنا ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ اس مسئلے کے حل کے لئے ہنگامی بنیادوں پر فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دل تو بہت چاہتا ہے کہ عوام اور بزنس کمیونٹی کی بہتری کے لئے کچھ نہ کچھ کرجائیں لیکن نگران حکومت کا واحد ایجنڈا انتخابات کا پرامن اور شفاف انعقاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں غیر جانبدار انتظامیہ کی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ انتظامیہ کی یہ ٹیم باصلاحیت، محنتی اور ایماندار ہے جو انتخابات کے شفاف انعقاد میں معاون ثابت ہو گی، اسی طرح نگران کابینہ میں بھی محنتی، قابل اور غیر جانبدار وزرا شامل کئے گئے ہیں۔ پنجاب میں بیوروکریسی میں ردوبدل کسی کی پسند یا ناپسند پر نہیں کیا گیا بلکہ ہم نے الیکشن کمشن کی ہدایات کی روشنی میں اصولی م¶قف اپنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال کو بہتر سے بہتر بنانے کے لئے تمام تر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ مختلف علاقوں میں انڈسٹریل اسٹیٹس کے قیام کی تجویز پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم اس حوالے سے لائحہ عمل بنا سکتے ہیں لیکن انڈسٹریل اسٹیٹس کا قیام منتخب نمائندوں کا مینڈیٹ ہے۔ کمرشلائزیشن پالیسی مرتب کرنا منتخب حکومت کی ذمہ داری ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بزنس کمیونٹی نے سودمند تجاویز دی ہیں جن پر عمل پیرا ہو کر معاشی و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ بزنس کمیونٹی کے نمائندہ وفد نے وزیر اعلیٰ نجم سیٹھی کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک تمناﺅں کا اظہار کیا۔ وفد کے اراکین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ وزیر اعلیٰ کو غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کی ذمہ داری بطریق احسن نبھانے کی توفیق دے۔ وفد کے اراکین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گیس اور بجلی کی قلت کے باعث کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔ وزیر اعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر زبیر احمد ملک، وائس چیئرمین نوید جان بلوچ، نائب صدر رخسانہ جہانگیر، صدر اسلام آباد ظفر بختاوری، سابق صدر اسلام آباد منور مغل، طارق سعادت، رحمت اللہ جاوید، حمید اختر، عبدالباسط، عائشہ ظہیر،خواجہ ضرار کلیم، شیخ محمد ایوب، شہریار علی ملک، سمیع اللہ بٹ، رفیق آسی اور دیگر عہدیداران شامل تھے۔

ای پیپر-دی نیشن