مسلم لیگ ن عوامی خدمت میں ہمارا مقابلہ نہیں کر سکتی: پرویز الٰہی
لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ق) کے سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم اور این اے 61 سے امیدوار چودھری پرویز الٰہی نے پیر کو ضلع چکوال کا دورہ کیا۔ سابق ضلع ناظم سردار غلام عباس نے اس موقع پر اپنے ساتھیوں سمیت چودھری پرویز الٰہی کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا جبکہ قومی اسمبلی کے سابق رکن سردار فیض احمد ٹمن نے اپنی رہائش گاہ پر ان کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ علاقہ کے عوام کی بہتری کے لئے ہم نے چودھری پرویز الٰہی کے ساتھ اکٹھے چلنے کی بنیاد رکھ دی ہے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا اللہ تعالیٰ نے ہمیں موقع دیا تو ہم تحصیل تلہ گنگ کو ضلع کا درجہ دیں گے۔ سردار فیض احمد ٹمن نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے امیدواروں سے چودھری پرویز الٰہی بہت بہتر ہیں، ہمارے درمیان اس تعلق کو قائم کرنے میں حافظ عمار یاسر اور راسخ الٰہی کی دوستی کا بڑا ہاتھ ہے۔ اس موقع پر آصف ٹمن، سابق ایم پی اے سعادت خاں، ناظمین، نائب ناظمین اور علاقہ کی معزز شخصیات موجود تھیں جن میں ملک نوید الطاف، ملک الیاس، ملک اسد، میاں عزیز، رائے منصب، اسد کھگہ، طارق خان، عمر حیات، ملک سلطان، ملک محبوب، ملک قیوم، ملک اسلم، ملک محمود ایڈووکیٹ، ملک اللہ یار اور محمد اکرم مرجان بھی شامل ہیں۔ سردار غلام عباس نے اپنے ساتھیوں سمیت چودھری پرویز الٰہی کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مجھے مسلم لیگ (ن) نے پیشکش کی کہ میں چودھری پرویز الٰہی کے مقابلہ میں الیکشن لڑوں لیکن میں نے صاف انکار کر دیا۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ (ن) لیگ کو ابھی ہم اور سرپرائز دیں گے، پاکستان مسلم لیگ پہلے کی طرح اس بار بھی ریکارڈ ووٹوں سے کامیاب ہو گی کیونکہ (ن) لیگ نے پانچ سال ڈرامہ بازی میں گزار دئیے، وہ عوام خدمات میں ہمارا مقابلہ نہیں کر سکتی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے سابق ٹکٹ ہولڈر صفدر علی حسنین نقوی کوآرڈی نیٹر پیپلز پارٹی چکوال نے کہا کہ پیپلز پارٹی بھرپور طریقے سے چودھری پرویز الٰہی اور سردار غلام عباس کی حمایت کرے گی اور انہیں اس حلقے سے کامیاب کروائے گی۔ اس موقع پر چودھری محمد علی، سردار امجد الیاس کوٹیڑہ، اعجاز حسین فرحت، چودھری اکرم، سردار غلام مہدی خان اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔