بینظیر قتل: انکی اپنی جماعت اہم پہلوﺅں کی چھان بین نہیں کرا سکی‘تحقیقاتی رپورٹ قومیت پرستوں کے ہاتھ لگ گئی
اسلام آ باد( سجاد ترین ) سابق وزیراعظم محتر مہ بے نظیر شہید کے قتل بارے میں تیار کی گئی پاکستا نی خفیہ اداروں اور سکاٹ لینڈ یارڈ کی دو الگ الگ رپورٹیں مکمل حالت میں سندھی قومیت پرستوں کے ہاتھ لگ گئی ہیں۔ ان رپورٹوں سے علم ہوتا ہے کہ پیپلز پارٹی کی سابق حکومت نے بے نظیر بھٹو کے قتل کے متعدد اہم پہلوﺅں پر چھان بین نہیں کی۔ مستند ذرائع کے مطابق ایک قومی سیاسی جماعت کے اہم رہنما کے ذریعے یہ رپورٹیں سندھی قومیت پرستوں تک پہنچی ہیں جن سے معلوم ہوتا ہے کہ سیاسی تاریخ کے اس اہم ترین قتل کے بارے میں ان کی اپنی جماعت خاطر خواہ تحقیقات نہیں کر ا سکی۔ آیا یہ دانستہ کوشش تھی معاملہ کو دبا دیا جائے یا یہ غفلت تھی؟ سندھی قومیت پرست آئندہ عام انتخابات سے دس روز پہلے یہ رپورٹیں منظر عام پر لا کر دونوں سوالات کا جواب مانگیں گے اور مقدمہ سندھی عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے مذکورہ دونوں رپورٹوں کے بعض حصے تو سندھ اسمبلی اور میڈیا کے سامنے پیش کئے لیکن دونوں رپورٹیں مکمل متن کے ساتھ کبھی منظر عام پر نہیں لائی گئیں۔