سینٹ: دوہری شہریت والوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت کا بل پیش‘ جہانگیر بدر قائد ایوان کی نشست سے دستبردار
اسلام آباد (نوائے وقت ریورٹ+ اے پی پی+ اے پی اے) ایم کیو ایم کے طاہر مشہدی نے دستور ترمیمی بل 2013ءسینٹ میں پیش کر دیا۔ دوہری شہریت والوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت دینے کا بل بھی سینٹ میں پیش کر دیا گیا جبکہ کراچی میں امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث ایم کیو ایم کے ارکان نے سینٹ اجلاس سے واک آﺅٹ کر دیا۔ طاہر مشہدی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے لوگ انتخابی مہم نہیں چلا پا رہے، نگران حکومت کیا کر رہی ہے؟ سینٹ چیئرمین نیئر بخاری نے ریمارکس دئیے کہ نگران وزیر داخلہ کو آج ایوان میں طلب کیا جائے گا۔ طاہر مشہدی نے فخر الاسلام کے قتل کے خلاف تحریک التوا جمع کرائی۔ تحریک التواءمیں کراچی میں ایم کیو ایم کے کارکنوں کے قتل کا معاملہ بھی اٹھایا گیا۔ دریں اثناءپیپلز پارٹی کے قائد ایوان جہانگیر بدر نے اچانک سینٹ کے اجلاس میں کھڑے ہوکر قائد ایوان کی نشست چھوڑنے کا اعلان کر کے سب کو حیران کردیا۔ جہانگیر بدر جو کہ پارٹی جنرل سیکرٹری شپ چھن جانے کی وجہ سے پارٹی سے خاصے ناراض ہیں انہوں نے چیئرمین سینٹ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ فی الحال قائد ایوان کی نشست چھوڑنے کی وجوہات تو نہیں بتا سکتے لیکن نگران وزیراعظم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ جسے چاہیں ایوان میں سے قائد ایوان نامزد کردیں۔ علاوہ ازیں سینٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملک میں صاف، شفاف، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمشن کے ضابطہ اخلاق کو قانونی تحفظ دینے کیلئے نگران حکومت فوری طور پر آرڈیننس جاری کرے، اگر ایسا نہ ہوا تو انتخابی ضابطہ اخلاق کی تیاری کے حوالے سے ہماری ساری کوششیں رائیگاں جائیں گی۔ علاوہ ازیں سینٹ کے سابق رکن امان روم اور سابق رکن قومی اسمبلی حاجی صاحبزادہ فضل کریم کیلئے تعزیتی قرارداد منظور کرتے ہوئے دونوں مرحومین کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ پیر کو سینیٹر اسلام الدین شیخ نے قرارداد پیش کرتے ہوئے سابق سینیٹر امان روم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور خراج عقیدت پیش کیا۔ حسین بخاری نے کہا کہ قومی اسمبلی کے سابق رکن صاحبزادہ فضل کریم بھی انتقال کر گئے ہیں ان کیلئے دعائے مغفرت کرائی جائے۔ چیئرمین سینٹ کے کہنے پر مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر راجہ ظفر الحق نے دونوں مرحومین کیلئے ایوان میں دعائے مغفرت کرائی۔ بعدازاں سینٹ کے 92 ویں سیشن کیلئے پینل آف پریذائیڈنگ آفیسرز کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا۔ پیر کو اجلاس کے آغاز پر چیئرمین سینٹ سید نیئر حسین بخاری نے اعلان کیا جس کے مطابق چودھری اعتزاز احسن، سینیٹر الیاس احمد بلور اور محمد رفیق رجوانہ چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینٹ کی عدم موجودگی میں اجلاس کی صدارت کرینگے۔