بیلٹ پیپرز کی چھپائی، پرنٹنگ کارپوریشن کے ملازمین کو موبائل رکھنے کی ممانعت
کراچی(ثناءنیوز) کراچی میں بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام شروع ہونے پر پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان کے ملازمین کے لئے نیا ہدایت نامہ جاری کر دیا گیا ۔ ملازمین کے موبائل فون کو اپنے ساتھ رکھنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔ نجی ٹی وی کے مطابق پی سی پی کے مختلف ڈیپارٹمنٹس کے ملازمین کے لئے بھی ہدایت نامہ جاری کیا گیا ہے کہ وہ آنے سے قبل اور جانے سے قبل اپنی تلاشی دیں گے ۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان اس حوالہ سے تحریری حکم نامہ بھی جاری کر دے گا لیکن ابتدائی طور پر پی سی پی ملازمین کو بتا دیا گیا ہے کہ وہ اپنے موبائل فون اپنے ساتھ نہیں لا سکیں گے پی سی پی ملازمین سے کہا گیا ہے کہ ایسی تمام چیزیں جن سے خفیہ معلومات کے لیک ہونے کا خدشہ ہو انہیں باہر ہی رکھنا ہو گا تاکہ الیکشن کے عمل کو شفاف بنانے کے لئے تمام ممکن اقدامات کئے جا سکیں۔