• news

11 مئی یوم احتساب ہو گا‘ عوام 5 سال ملک لوٹنے والوں کو مسترد کر دینگے: نوازشریف

حافظ آباد/لاہور (نمائندہ نوائے وقت/خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں عوام پانچ سال تک ملک لوٹنے والے حکمرانوں کا احتساب کرے گی۔ قوم ایسے حکمرانوں سے حساب لے گی اور انہیں مسترد کر دے گی جنہوں نے عوام کو بجلی، گیس سے محروم رکھا، عوام کے منہ سے روٹی کا نوالہ چھینا۔ حافظ آباد کی عوام نے ہوا کا تعین کر دیا ہے اور پوری قوم کو بتا دیا ہے کہ آنے والا وقت مسلم لیگ ن کا وقت ہو گا۔ میرے بارے میں غلط افواہیں پھیلائی گئیں کہ نواز شریف فرینڈلی اپوزیشن کا کردار ادا کر رہا ہے لیکن میں نے نہ کبھی ماضی میں ضمیر کا سودا کیا اور نہ ہی آئندہ کروں گا۔ سپریم کورٹ نے حکم نہ ماننے پر ایک وزیر اعظم کو گھر بھیجا جبکہ دوسرے وزیرا عظم کے کاغذات مسترد کئے۔ میونسپل سٹیڈیم حافظ آباد میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ملک بدامنی، غربت اور مہنگائی کے بد ترین دور سے گزر رہا ہے۔ خودمختاری اور پوری قوم کی عزت داو¿ پر لگی ہوئی ہے۔ کراچی سے پشاور تک کوئی بھی محفوظ نہیں۔ مسلم لیگ ن بلوچستان کے صدر ثناءاللہ زہری کے بیٹے، بھائی اور بھتیجے کا قتل انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مفادپرست لوگ نہیں۔ پوری قوم جانتی ہے کہ سابق حکمرانوں نے کس طرح عوام کو لوٹا، عوام آئندہ انتخابات میں اس لوٹ مار کر حساب لے گی۔ آج پوری قوم اندھیروں میں ڈوبی ہوئی ہے۔ عوام نواز شریف کے شانہ بشانہ چلے ہم ملک کی تقدیر بدل دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خوشحالی ہماری منزل ہے۔ پاکستان کی سب مصیبتیں ختم کریں گے۔ پاکستان نہ صرف اس خطے بلکہ دنیا بھر میں ایک نئی مثال قائم کرے گا۔ ہم انشاءاللہ آنے والے دور میں دیہاتوں، قصبوں کو موٹروے سے ملائیںگے۔ حافظ آباد میں یونیورسٹیاں بنیں گی، ہسپتال اور میڈیکل کالج بنیں گے۔ اس موقع پر محمد نواز شریف نے حافظ آباد کے حلقہ NA-102کے لئے سائرہ افضل تارڑ، NA-103میاں شاہد حسین بھٹی، PP-105 ملک فیاض احمد اعوان، PP-106 چوہدری اسد اللہ آرائیںاور PP-107 کے لئے مسز نگہت انتصار کی ٹکٹوں کا بھی خود اعلان کیا۔ اے پی اے کے مطابق 11 مئی احتساب کا دن ہو گا۔ غربت، بیروزگاری، جہالت، دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ کیخلاف کھلی جنگ کا اعلان کرتا ہوں، عوام کا خون چوسنے والوں کا احتساب ہو گا۔ بجلی، روزگار، لوڈشیڈنگ سے تنگ اور خودکشیاں کرنے پر مجبور عوام 11 مئی کو حکومت کا احتساب کریگی۔ آج کراچی اور بلوچستان میں روز لاشیں گرتی ہیں۔ پوری دنیا کے سامنے پاکستان کو ترقی یافتہ اور پُرامن پاکستان کی مثال پیش کرنا ہے، انشااللہ تعالی حافظ آباد کے عوام کی تقدیر بدل دینگے۔ انہوں نے کہا کہ خضدار کا واقعہ انتخابات ملتوی کروانے کی سازش معلوم ہوتا ہے۔ پاکستان دشمن اور انتخابات میں شکست سے خوفزدہ عناصر ان سازشوں میں مصروف ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) عوام کی طاقت سے ایسی ہر کوشش کو ناکام بنا دے گی۔ ہم عرصہ سے ملک اور خصوصاً بلوچستان میں امن و امان کی تشویشناک صورتحال کی نشان دہی کر رہے ہیں۔ پیپلزپارٹی کی سابقہ حکومت اور نہ دوسرے قومی اداروں نے اپنی ذمہ داری نہیں نبھائی۔ عوام صبر کا دامن تھامے رکھیں۔ نگران حکومتیں انتخابی امیدواروں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ سیاسی رہنماو¿ں کی جان ومال کے تحفظ کا اہتمام نہ کیا گیا پھر ایسے انتخابات کی ساکھ باقی نہیں رہے گی۔ ایسا ہوا تو یہ ملک اور جمہوریت دونوں کے ساتھ سخت زیادتی ہو گی۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے صدر ثناءاللہ زہری کے قافلے پر حملے کی شدید مذمت کی۔ 

ای پیپر-دی نیشن