• news

ملک بھر میں ہولناک زلزلہ‘ بلوچستان میں 35 افراد جاں بحق‘ 200 زخمی‘ سینکڑوں گھر تباہ‘ جھٹکے کئی ممالک میں محسوس کئے گئے

کوئٹہ + اسلام آباد + لاہور + تہران (ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) منگل کی سہ پہر ملک بھر میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے۔ زلزلے سے بلوچستان کے علاقے ماشکیل میں بچوں اور خواتین سمیت 35 افراد جاں بحق، 200 زخمی ہو گئے۔ زلزلے سے سینکڑوں مکان منہدم ہو گئے۔ زلزلے کے جھٹکے افغانستان، سعودی عرب، ایران، بھارت، متحدہ عرب امارات سمیت کئی ممالک میں محسوس کئے گئے۔ ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 7.9 ریکارڈ کی گئی، اس کا مرکز پاک ایران سرحدی علاقہ تھا جبکہ اس کی زیر زمین گہرائی 155 کلومیٹر تھی۔ صدر زرداری، نگران وزیراعظم، مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نوازشریف، نگران وزیر اعلیٰ نجم سیٹھی، سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف، امیر جماعت اسلامی منور حسن اور دیگر سیاسی رہنما¶ں نے زلزلے سے ہلاکتوں اور نقصانات پر اظہار افسوس کیا ہے۔ گذشتہ سہ پہر 3 بجکر 45 منٹ پر آنے والے زلزلے کے جھٹکے امارات، سعودی عرب، افغانستان، بھارت میں بھی محسوس کئے گئے۔ ایران میں یہ گذشتہ 40 برس میں آنے والا سب سے شدید زلزلہ تھا۔ پاکستان میں دارالحکومت اسلام آباد سمیت کراچی، لاہور، کوئٹہ، میانوالی، ملتان، بہاولپور، حیدرآباد، پشاور، رینالہ خورد، ڈی آئی خان، راجن پور، ساہیوال، شیخوپورہ، گجرات، بہاولپور، لیہ، حافظ آباد، بورےوالا، نارووال، جعفرآباد، نصیر آباد، میرانشاہ، صدر گوگیرہ، دیر، مینگورہ، سوات، جھنگ، پاکپتن لاڑکانہ، لورالائی، لاڑکانہ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ایران میں جس جگہ زلزلے کا مرکز تھا وہ فالٹ لائن پر ہے اور اس قسم کے زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا خدشہ موجود رہتا ہے۔ کراچی میں بعض عمارتوں کی دیواروں میں دراڑیں پڑ گئیں اور بعض کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ راولپنڈی اسلام آباد میں شدید نوعیت کے زلزلے نے 2005ءکے ہولناک زلزلے کی یاد تازہ کر دی‘ کثیرالمنزلہ عمارتوں سے خواتین‘ بچے‘ جوان اور بوڑھے سڑکوں پر نکل آئے‘ عزیز و اقارب اپنے رشتہ داروں کے خیریت دریافت کرنے کے لئے ٹیلفونک رابطوں میں مصروف رہے‘ ہولناک زلزلے سے ہونے والے نقصان سے بچنے کے لئے لوگوں نے استغفار‘ دورد شریف کا ورد شروع کر دیا۔ زلزلے کے جھٹکوں کے دوران کچھ دیر موبائل فون سروس بھی معطل رہی۔ ایران کے گورنر کا کہنا ہے کہ زلزلے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، قبل ازیں 40 افراد کی ہلاکت کی خبر جاری کی گئی تھی جسے واپس لے لیا گیا۔ بوشہر میں ایرانی ایٹمی پلانٹ تعمیر کرنے والی کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایٹمی پلانٹ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ زلزلے سے متاثرہ سرحدی علاقے ماشکیل میں پاک فوج نے امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ خاران سے ایف سی کی مزید نفری ریسکیو کے لئے بلا لی گئی۔ ٹینٹس، دوائیں اور دیگر اشیاءزلزلے سے متاثرہ علاقوں میں بھجوا دیں۔ نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان کراچی کا د ورہ مختصر کر کے کوئٹہ پہنچ گئے۔ زلزلے سے ایف سی کی متعدد بیرکس تباہ ہو گئیں، زلزلے سے نقصانات کے باوجود ایف سی کی نفری امدادی کارروائیوں میں مصروف رہی۔ اے ایف پی کے مطابق جماعة الدعوة کے رہنما حافظ سعید نے ٹوئٹر پر پیغام میں بتایا ہے کہ ان کی امدادی ٹیموں نے متاثرہ علاقے میں امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ اقوام متحدہ نے پاکستان اور ایران کو مدد کی پیشکش کر دی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکہ متاثرین کی امداد کے لئے تیار ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 900 کلو دوائیں اور 5 ٹن راشن بذریعہ ہیلی کاپٹر ماشکیل پہنچا دیا گیا۔ خاران رائفلز کے 300 اہلکار امدادی کارروائیوں کے لئے ماشکیل پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔پنجاب حکومت نے بلوچستان کے زلزلہ متاثرین کے لئے فوری طور پر امدادی سامان بھجوانے کا اعلان کر دیا۔ نگران وزیر اعلیٰ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ 200 ٹینٹ اور چاول کی ایک ہزار بوریوں پر مشتمل امدادی سامان کی پہلی کھیپ روانہ کی جائے گی۔ 

ای پیپر-دی نیشن