محض الزامات پر راجہ پرویز کی نااہلی انتخابی عمل پر سوالیہ نشان ہے: قمر کائرہ
لاہور (خصوصی رپورٹر) مرکزی سیکرٹری اطلاعات پی پی پی قمرالزماں کائرہ نے الیکشن ٹربیونل کی جانب سے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کو نااہل قرار دینے کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ محض الزامات کی بنیاد پر نااہلی انتخابی عمل پر ایک سوالیہ نشان ہے۔ اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ انصاف کا بنیادی اصول ہے کہ ہر شخص اس وقت تک بے گناہ ہے جب تک عدالت اسے مجرم قرار نہیں دیتی۔ اگر صرف الزامات کی بنیاد پر نااہلی ہوتی رہی تو پاکستان کے مخصوص سیاسی ماحول میں انتخابات کے لئے ایک بھی امیدوار نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے قومی ادارے نیشنل لاجسٹک سیل (این ایل سی) کو واحد ٹینڈر کی بنیاد پر سڑکوں کی تعمیر کے لئے کنٹریکٹ دیا۔ کسی نے اس وقت اعتراضات نہیں کئے جب پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف نے این ایل سی اور دوسرے قومی اداروں کو واحد ٹینڈر کی بنیاد پر سڑکیں بنانے کے لئے متعدد ٹھیکے دئیے۔ انہوں نے ملک میں تمام امیدواروں کو انتخابی عمل میں حصہ لینے کے لئے یکساں مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں صاف شفاف اور آزادانہ انتخابات کا انعقاد جمہوریت اور وفاق پاکستان کے لئے ازحد ضروری ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان اور چیف الیکشن کمشنر پر زور دیا کہ وہ موجودہ صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے ایسے اقدامات کریں جن سے نہ صرف انتخابی عمل میں جنم لینے والے شکوک و شبہات کا ازالہ ہو سکے۔