داخلہ بند نہیں کیا، معلومات ترجمان کے ذریعے دیئے جانے کا سسٹم بنایا ہے: الیکشن کمشن کی وضاحت
اسلام آباد (خبرنگار) الیکشن کمشن نے ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے جن میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمشن نے میڈیا کی معلومات تک رسائی پر پابندی عائد کردی ہے اور صحافیوں کا الیکشن کمشن میں داخلہ بند کردیا ہے۔ الیکشن کمشن نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمشن نے ہمیشہ میڈیا کو سہولتیں دینے کیلئے اقدامات کئے۔ میڈیا کے بعض افراد ان افسران سے افرادی طور پر معلومات فراہم کرنے کے لئے اصرار کرتے ہیں جس سے نہ صرف ان کے کام میں مداخلت ہوتی ہے بلکہ میڈیا کے دوسرے افراد جن کو بعد میں معلومات ملتی ہیں بھی اس طرز عمل پر اعتراض کرتے ہیں جس پر الیکشن کمشن نے تمام افسران کو پابند کیا ہے کہ وہ تمام معلومات الیکشن کمشن کے ترجمان کو مہیا کریں جو یہ معلومات بیک وقت تمام میڈیا کے افراد کو فراہم کر دیں گے۔