• news

شفاف الیکشن، ووٹروں، امیدواروں کو سکیورٹی کی فراہمی ہماری بنیادی ذمہ داری ہے: عارف نظامی

کراچی (سٹاف رپورٹر) نگران وفاقی وزیر اطلاعات عارف نظامی نے کہا ہے کہ نگران حکومت کی بنیادی ذمہ داری آزاد منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد اور انتخابات میں شریک امیدواروں کے علاوہ ووٹرز کو بہتر انٹیلیجنس کی مدد سے فول پروف سکیورٹی کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ وہ منگل کو کراچی کے مقامی ہوٹل میں مختلف اخبارات کے مدیروں اور سینئر صحافیوں کے اعزاز میں ظہرانے سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے وفاقی نگران حکومت سمیت صوبائی نگران حکومتوں اور الیکشن کمیشن کے مابین مکمل ہم آہنگی ہے جبکہ میڈیا کو اپنا کردار بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کو دئیے جانے والے اشتہارات سے میڈیا کو اپنی آمدنی میں اضافے کا موقع مل رہا ہے، وزیر اطلاعات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے اعلان کئے گئے ضابطہ اخلاق اور پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ترتیب دئیے گئے ضابطہ اخلاق کے باہم ہونے سے بہترین نتائج حاصل ہوں گے تاہم وزارت اطلاعات اس حوالے سے صرف سہولیات فراہم کرنے تک محدود ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ نگران سیٹ اپ کے دور میں ضابطہ اخلاق کے نام پر کسی بھی قسم کی کوئی پابندی عائد نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اشتہارات کی تقسیم کے حوالے سے طریقہ کار اور پالیسی کے ضمن میں تبدیلیاں عمل میں لائی جائیں گی جبکہ مرکزی میڈیا فہرست میں اصل اخبارات کے ناموں کے اندراج کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس موقع پر پرنسپل انفارمیشن افسر عمران گردیزی نے بتایا کہ اے پی این ایس اور وزارت اطلاعات و نشریات کے مابین اشتہارات کے پچاس فیصد کوٹے کے حوالے سے انڈر سٹینڈنگ تکمیل کے قریب ہے۔ اخباری ملازمین کے لئے آٹھویں ویج بورڈ کے حوالے سے وفاقی سیکرٹری انفارمیشن آغا ندیم کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں اعلان کردہ کمیٹی کا نوٹیفکیشن کچھ روز کے لئے روکا گیا ہے اور آئندہ دس سے پندرہ روز تک کمیٹی کے ناموں کا اعلان اور نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن