ملتان: تحریک انصاف کے رہنما سکندر بوسن مسلم لیگ ن میں شامل، ٹکٹ ملنے کا امکان
ملتان (وقائع نگار) سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حاجی سکندر حیات بوسن نے گزشتہ روز مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے یہ اعلان ملتان پریس کلب میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقعہ پر ان کے ہمراہ مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما ملک رفیق رجوانہ‘ ضلعی صدر بال بٹ‘ سابق صوبائی وزیر حاجی احسان الدین قریشی اور معین ریاض قریشی بھی موجود تھے۔ سینیٹر ملک رفیق رجوانہ نے اس موقعہ پر مسلم لیگ ن کی قیادت کے ایماءپر اعلان کیا کہ سکندر بوسن ہی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 151 سے پارٹی کے امیدوار ہوں گے جبکہ اس حلقہ کے نیچے آنے والا صوبائی حلقہ پی پی 200 خالی چھوڑ دیا گیا ہے۔ اس حلقہ سے ایک روز قبل ہی ملک احمد حسین ڈیہڑ کو ٹکٹ دیا گیا تھا لیکن سینیٹر رفیق رجوانہ کا کہنا تھا کہ اب اس حلقہ کو خالی ڈیکلیئر کر دیا گیا ہے اور یہاں سے سکندر بوسن کے بھائی شوکت بوسن امیدوار ہوں گے۔